پی ڈی ایم اے کا دوسرا الرٹ جاری، برف باری کا ایک اور ویسٹرن ویثر سسٹم 25 جنوری اتوار سے 27 جنوری منگل تک صوبے کے بیشتر اضلاع کو متاثر کر سکتا ہے
پشاور ( نمائندہ چترال ٹائمز ) صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) خیبرپختونخوا نے الرٹ جاری کیا ہے جس کے مطابق پاکستان موسمیات کے ادارے (پی ایم ڈی) کی پیش گوئی کے مطابق برف باری کا ایک اور ویسٹرن ویثر سسٹم 25 جنوری اتوار سے 27 جنوری منگل تک صوبے کے بیشتر اضلاع کو متاثر کر سکتا ہے۔پی ایم ڈی کے مطابق بالائی اضلاع جیسے چترال، دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، گلیات، ملاکنڈ، بنوں اور باجوڑ میں بارش، تیز ہواؤں کا سلسلہ اور برفباری متوقع ہے۔ پشاور، مردان، سوات، نوشہرہ، چارسدہ، کوہاٹ، بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان، کرم، خیبر، وزیرستان اور قریبی اضلاع میں عام بارش اور گرج چمک کے ساتھ طوفانی بارش کا امکان ہے۔
اس سخت موسمی حالات میں سڑکیں بند، لینڈ سلائیڈنگ، پہاڑی علاقوں میں برفانی تودے گرنے، اور میدانی علاقوں میں دھند معمولات زندگی کو متاثر کرسکتی ہیں۔ اسی طرح دن کے درجہ حرارت میں نمایاں کمی کا بھی امکان ہے۔ڈپٹی کمشنرز اور متعلقہ محکموں کو احتیاطی اور فوری ایمرجنسی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔پی ڈی ایم اے کے مطابق کسی بھی ایمرجنسی صورتحال میں شہری آپریشن سینٹر سے 1700 ٹول فری ہیلپ لائن پر رابطہ کر سکتے ہیں، جو چوبیس گھنٹے فعال ہے۔

