پاکستانی کوہ پیما وں سرباز خان اور عابد بیگ نے ترچ میر سر کر لیا
چترال ( نمائندہ چترال ٹائمز ) پاکستانی کوہ پیماؤں سرباز خان اور عابد بیگ نے ہندوکش کی بلند ترین چوٹی ترچ میر (7,708 میٹر) سر کر لی، جو ملکی کوہ پیمائی میں ایک اہم کامیابی ہے۔ دیگر اراکین برفانی طوفان کے باعث 7,300 میٹر پر رکنے پر مجبور ہوئے۔
یہ مہم خیبرپختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی اور ہندوکش ایکسپلوررز کے اشتراک سے ہوئی، جس کا مقصد وادی چترال کی خوبصورتی اور سیاحتی امکانات کو اجاگر کرنا تھا۔
ڈی جی ٹورازم اتھارٹی نے اس کامیابی کو ایڈونچر ٹورازم کے فروغ کے لیے اہم قرار دیا۔ بین الاقوامی ماہرین نے بھی اسے خطے میں کوہ پیمائی کے نئے دور کا آغاز قرار دیا ہے۔
سرباز خان کا تعلق ہنزہ گلگت بلتستان سے ہے وہ پاکستان کے واحد کوہ پیما ہیں جنہوں نے دنیا کی تمام 14 بلند ترین چوٹیوں (8,000 میٹر سے بلند) کو کامیابی کے ساتھ سر کیا ہے۔ اُنہیں پاکستان کا سب سے کامیاب اور تجربہ کار ہائی ایلٹیٹیوڈ کوہ پیما تسلیم کیا جاتا ہے۔
عابد بیگ کا تعلق بھی گلگت بلتستان سے ہے انھوں نے کم وقت میں غیر معمولی کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ وہ متعدد مشکل پہاڑی راستوں اور چوٹیوں کو سر کر کے نوجوان نسل کے لیے ایک مثال بن چکے ہیں۔ اُن کی حالیہ کامیابی ترچ میر سر کرنا اُن کے کوہ پیمائی سفر کا نمایاں باب ہے۔

Pic Hindukush Explorer



