پاکستان کی ایران کی ایٹمی تنصیبات پر امریکی حملوں کی شدید مذمت
اسلام آباد( چترال ٹائمزرپورٹ) پاکستان نے ایران کی ایٹمی تنصیبات پر امریکی حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاکستان نے اسلامی جمہوریہ ایران کی ایٹمی تنصیبات پر امریکی حملوں کی شدید مذمت کرتا ہے، یہ حملے اسرائیل کی جانب سے جاری جارحیت کے تسلسل میں کیے گئے ہیں جن پر پاکستان کو نہایت گہری تشویش ہے۔بیان کے مطابق خطے میں کشیدگی کے مزید بڑھنے کا خدشہ انتہائی سنگین ہے، یہ حملے بین الاقوامی قوانین کی مکمل خلاف ورزی ہیں اور ایران کو اقوام متحدہ کے چارٹر کے تحت اپنے دفاع کا مکمل حق حاصل ہے،ترجمان نے خطے میں جاری غیر معمولی کشیدگی اور تشدد پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر یہ صورتحال یونہی بڑھتی رہی تو اس کے نہایت تباہ کن نتائج مرتب ہوں گے، جو صرف اس خطے تک محدود نہیں رہیں گے۔بیان میں کہا گیا کہ شہری جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانا ضروری ہے، اور تمام فریقین فوری طور پر جنگ بندی کریں۔دفتر خارجہ نے کہا کہ تمام اقوام کو بین الاقوامی قانون، خصوصاً بین الاقوامی انسانی قوانین کی پابندی کرنی چاہیے، خطے میں بحران کا حل صرف اور صرف اقوام متحدہ کے چارٹر کے اصولوں اور مقاصد کے مطابق مکالمے اور سفارت کاری کے ذریعے ہی ممکن ہے۔
ٹرمپ کی نوبل انعام کیلئے نامزدگی غلامی کی آخری حد ہے: بیرسٹر سیف
پشاور( چترال ٹائمز) مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی نوبل انعام کے لئے نامزدگی غلامی کی آخری حد ہے۔اپنے بیان میں بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ شہبازشریف خوشامد چھوڑ کر ’ایبسولوٹلی ناٹ‘ کہنے کی ہمت پیدا کریں، اقتدار کیلئے خوشامد کے بجائے قیدی نمبر 804 بن جانا کہیں بہتر ہے، شہباز شریف خوشامد ضرور کریں مگر ملکی و قومی مفادات کا بھی خیال رکھیں۔انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کے نوبل انعام یافتہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران پر براہِ راست حملہ کیا، صدر ٹرمپ نے 8 مرتبہ غزہ میں جنگ بندی کی قراردادوں کو مسترد کیا ہے۔مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ ایران اور اسرائیل میں ثالثی کے بجائے معصوم شہریوں پر حملے کئے جا رہے ہیں، جو مسلمانوں پر بم برسائے اسے نوبل انعام کیلئے نامزد کرنا ناقابلِ فہم ہے، خوشامد کی بھی کوئی حد ہوتی ہے، شہباز شریف کیلئے یہ باعثِ شرم ہے۔بیرسٹر سیف نے مزید کہا کہ عمران خان ’ایبسولوٹلی ناٹ‘ پالیسی کی بدولت عوام کے دلوں میں بسا ہوا ہے، انہوں نے کبھی امتِ مسلمہ کے خون کا سودا نہیں کیا، عمران خان نے ہمیشہ امتِ مسلمہ کی عزت، وقار اور سربلندی کیلئے سوچا۔
ڈونلڈ ٹرمپ کیلئے نوبل انعام کی سفارش کرنا بلنڈر ہے: لیاقت بلوچ
لاہور(سی ایم لنکس) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف اور حکومت کی جانب سے امریکی صدر ٹرمپ کیلئے نوبل انعام کی سفارش کرنا بلنڈر ہے۔اپنے بیان میں لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ آرمی چیف کا ٹرمپ سے ملنا مس ٹائمنگ ہے، ماضی کی عالمی سفارتی غلطیاں نوشتہ دیوار ہیں۔انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کی سخت شرائط پر قومی بجٹ پارلیمنٹ میں پیش کرنا لا حاصل مشق ہے، زراعت کی ترقی کیلئے بجلی، گیس اور تیل سستا کرنا ہوگا۔نائب امیر جماعت اسلامی کا مزید کہنا تھا کہ ملک میں بڑھتا ہوا سیاسی بحران نئے خطرات پیدا کرے گا۔