پاک فوج کے جوان شہید سردار احمد فوجی اعزاز کے ساتھ آبائی گاؤں سہت میں سپردِ خاک
اپر چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) گزشتہ دنوں پاراچنار میں شہید ہونے والے پاک فوج کے جوان شہید سردار احمد ولد شیر احمد کو جمعرات کے روز فوجی اعزاز کے ساتھ ان کے آبائی گاؤں سہت، دراسن موڑکہو میں سپردِ خاک کر دیا گیا۔
نمازِ جنازہ میں لیفٹیننٹ کرنل طاہر اسلم (ونگ کمانڈر 144 ونگ مستوج)، ایس پی انویسٹی گیشن اپر چترال محمد اجمل، چترال سکاوٹس اور اپر چترال پولیس کے افسران، مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد، علاقہ عمائدین اور شہید کے عزیز و اقارب نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
اس موقع پر لیفٹیننٹ کرنل طاہر اسلم نے شہید کے مزار پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی، جبکہ چترال سکاوٹس کے چاق و چوبند دستے نے شہید کو سلامی پیش کی۔
انہوں نے دعا کرتے ہوئے شہید کی جرات اور قربانی کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ شہادت عظیم مرتبہ ہے جو خوش نصیبوں کو نصیب ہوتی ہے۔ اللہ کی راہ میں شہید ہونے والے زندہ ہوتے ہیں اور اللہ تعالیٰ نے انہیں بلند مقام عطا فرمایا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہید اپنے خاندان اور پورے علاقے کے لیے باعثِ فخر ہیں اور پاک فوج ہمیشہ شہداء کے خاندانوں کی قدر اور خیال رکھتی ہے۔
اس موقع پر معروف سماجی شخصیت محمد علی شاہ اور مولانا عبادالرحمن نے بھی خطاب کیا اور وطنِ عزیز کے دفاع کے لیے افواجِ پاکستان کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔



File Photo: Shaheed Sardar Ahmad
