The Voice of Chitral since 2004
Monday, 26 October 2026
Chitraltimes — The Voice of Chitral

ارندو میں پاک افغان سرحدی کشیدگی، افغانستان کی طرف سے سول آبادی پر فائرنگ، پانچ افراد زخمی ، پاک فوج کی موثر جوابی کاروائی

Chitral Times

ارندو میں پاک افغان سرحدی کشیدگی، افغانستان کی طرف سے سول آبادی پر فائرنگ، پانچ افراد زخمی ، پاک فوج کی موثر جوابی کاروائی

ارندو میں پاک افغان سرحدی کشیدگی، افغانستان کی طرف سے سول آبادی پر فائرنگ، پانچ افراد زخمی ، پاک فوج کی موثر جوابی کاروائی

ارندو میں پاک افغان سرحدی کشیدگی، افغانستان کی طرف سے سول آبادی پر فائرنگ، پانچ افراد زخمی ، پاک فوج کی موثر جوابی کاروائی

چترال ( نمائندہ چترال ٹائمز ) پاک افغان بارڈر پر افغان سائیڈ سے سول آبادی پر فائرنگ کے نتیجے میں ارندو خاص میں ایک ہی فیملی کے پانچ افراد زخمی ہوگئے، جبکہ علاقے میں کشیدہ صورتحال کے باعث بعض افراد نقل مکانی کررہے ہیں۔

مقامی ذرائع کے مطابق فائرنگ کی زد میں آکرٓ ارندو خاص کے رہائشی امیر ولد محمد عثمان، عاصمہ دختر امیر عثمان، امنہ دختر امیر عثمان، نہار بی بی زوجہ امیر عثمان، جمیلہ دختر اکبر سید اور نصراللہ زخمی ہوئے۔ زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے لیے ٹی ایچ کیو ہسپتال دروش منتقل کیا گیا۔

اسی روز افغان سائیڈ سے فائرنگ کا سلسلہ دوبارہ شروع ہوا، جس کے نتیجے میں ریٹائرڈ پولیس اہلکار فقیر محمد سکنہ ارندو بھی زخمی ہوگئے۔ انہیں فوری طور پر آر ایچ سی ارندو منتقل کیا گیا۔ تازہ اطلاعات کے مطابق پاک افغان بارڈر پر کراس فائرنگ کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔ پاک فوج کی طرف سے موثر جوابی کاروائی سے سرحد پار دشمن کے آرٹلری کو خاموش کرادیا۔

مقامی افراد کا کہنا ہے کہ گزشتہ تین سے چار روز سے جاری جھڑپوں کے باعث ارندو کے سول عوام متاثر ہوئے ہیں۔ متعدد خاندان محفوظ مقامات کی طرف منتقل ہو چکے ہیں جبکہ کئی افراد دروش پہنچ چکے ہیں جہاں انہیں رہائش کے مسائل کا سامنا ہے۔ رمضان المبارک کے مہینے میں خوراک اور بنیادی ضروریات کی فراہمی بھی متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

رپورٹس کے مطابق ارندو گول کا مرکزی راستہ گزشتہ چار دنوں سے بند ہے جس کے باعث اشیائے خوردونوش کی قلت پیدا ہونے کا اندیشہ ہے۔ عوام نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ دمیل کے راستے متبادل سڑک کو فوری طور پر برف سے صاف کر کے کھولا جائے تاکہ رسد کی ترسیل ممکن ہو سکے۔

اس حوالے سے صدر پاکستان پیپلز پارتی تحصیل دروش و چیئرمین وی سی ارندو گول حاجی غازی خان وردگ نے کہا ہے کہ ارندو کے عوام مشکلات کے باوجود پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں تاہم متاثرین کی فوری امداد اور رہائش کا بندوبست ناگزیر ہے۔ ان کے مطابق کئی خاندان ہوٹلوں میں قیام پر مجبور ہیں۔

دریں اثنا ڈپٹی کمشنر لوئیر چترال راو ہاشم عظیم کی ہدایت پر تحصیلدار ارندو نے گورنمنٹ مڈل سکول اکروئی میں متاثرین کے لیے ریلیف کیمپ قائم کر دیا ہے، جہاں سات کمروں اور پانچ ٹینٹس کا انتظام کیا گیا ہے۔ کیمپ میں واش رومز، ریسکیو 1122 کی ایمبولینس بمع اسٹاف اور اکروئی ڈسپنسری کا طبی عملہ بھی موجود ہے۔ متاثرین کے لیے افطاری کا بندوبست بھی کیا گیا۔

انتظامیہ کے مطابق 65 گھرانے چترال سکاوٹس کے چیک پوائنٹ دومیل نسار کراس کر کے دروش منتقل ہوئے ہیں جبکہ دیگر افراد ٹرانسپورٹ نہ ہونے کے باعث اکروئی میں موجود ہیں۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ان افراد میں فوڈ پیکجز تقسیم کیے گئے جبکہ رکن صوبائی اسمبلی فاتح الملک علی ناصر کی جانب سے 55 افراد کے لیے فوڈ پیکجز فراہم کیے گئے ہیں جو تقسیم کیے جائیں گے۔

دریں اثنا،  فائرنگ کے نتیجے میں لیویز سپاہی ذاکر اللہ کے تین کمروں پر مشتمل گھر اور سولر سسٹم سمیت گھریلو سامان کو بھی نقصان پہنچنے کی اطلاع ہے۔

علاقے میں موجودہ کشیدہ صورتحال میں عوام نے مؤثر امدادی اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔

پاک افغان بارڈر ارندو سائیڈ پر حالیہ کشیدگی کے دوران زخمی ہونے والے پاکستانی شہریوں کو بروقت طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے ٹی ایچ کیو ہسپتال دروش سے ڈی ایچ کیو ہسپتال چترال منتقل کر دیا گیا۔ زخمیوں کی منتقلی ریسکیو ۱۱۲۲ اور الخدمت فاؤنڈیشن چترال کی ایمبولینس کے ذریعے عمل میں لائی گئی، جہاں انہیں مزید علاج معالجے کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

دوسری جانب کشیدہ صورتحال کے باعث نقل مکانی کرنے والے متاثرہ خاندانوں کی مدد کے لیے بھی اقدامات کیے گئے ہیں۔ محمد طلحہ محمود کی ہدایت پر ارندو سے محفوظ مقامات کی جانب منتقل ہونے والے خاندانوں کے لیے گاڑیوں کا انتظام کیا گیا تاکہ انہیں بروقت سہولت فراہم کی جا سکے۔

ذمہ داران کا کہنا ہے کہ مشکل کی اس گھڑی میں ارندو کے عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا جا رہا ہے اور متاثرین کو ہر ممکن امداد فراہم کی جائے گی تاکہ انہیں درپیش مشکلات میں کمی لائی جا سکے۔دوسری طرف آرندو کے عوام نے پاک فوج کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہارکیا ہے۔

chitraltimes drosh hospital arandu border area cross firing 1

chitraltimes drosh hospital arandu border area cross firing 3 chitraltimes drosh hospital arandu border area cross firing 8