اپرچترال ؛ اویر کے رہائشیوں کا تریچ میر پلاٹینم جوبلی تقریب میں شمولیت نہ دینے پر احتجاج
اپر چترال( نمائندہ چترال ٹائمز ) اپر چترال لوٹ اویر ویلی کے رہائشیوں نے نارویجن حکومت کی تعاون سے منعقد ہونے والی تیرچ میر پلاٹینم جوبلی تقاریب میں علاقے کی شمولیت نہ ہونے اوریوسی کو نظرانداز کرنے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
جمعہ کے روز بروم گاؤں میں منعقدہ ایک اجلاس میں مقامی مشران اور منتخب نمائندوں نے متفقہ قرارداد منظور کی، جس میں کہا گیا کہ اویر کے عوام کو تقریب کی منصوبہ بندی میں نہ تو مشورہ دیا گیا اور نہ ہی شامل کیا گیا۔ حالانکہ 1990 میں اویر سے تعلق رکھنے والی ایک کوہ پیمائی ٹیم نے جنوبی بروم اور گلیشیئر راستے سے تیرچ میر کو کامیابی سے سر کیا تھا۔
قرارداد میں کہا گیا کہ یہ تقریبات تیرچ میر کی پہلی کامیاب مہم جوئی کے 79 سال مکمل ہونے کی خوشی میں منعقد کی جا رہی ہیں، اور اویر کے لوگوں کا اس پہاڑ سے تاریخی تعلق ہے۔ “بدقسمتی سے، یوں لگتا ہے کہ ہمیں ان تقاریب سے دانستہ طور پر دور رکھا جا رہا ہے،” قرارداد میں کہا گیا۔
علاقے کے عوام نے خبردار کیا کہ اگر انہیں تقریبات میں شامل نہ کیا گیا تو وہ درج ذیل اقدامات پر غور کریں گے:
جاری تقریبات میں رکاوٹ ڈالنا
شندور فیسٹیول کے دوران شندور روڈ پر پُرامن احتجاج
قانونی چارہ جوئی
قرارداد میں خیبر پختونخوا ٹورازم اتھارٹی سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ شندور فیسٹیول سے قبل مقامی برادری سے مشاورت کرے۔ مزید کہا گیا کہ اگر بروقت ان تحفظات کو دور نہ کیا گیا تو کسی بھی ممکنہ بدنظمی کی ذمہ داری متعلقہ حکام پر عائد ہوگی۔



