وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر عبدالولی خان کی موجودگی میں وزیراعظم کی معائنہ ٹیم کا اہم زوم اجلاس، چترال شندور روڈ سمیت دیگر روڈ منصوبوں سے متعلق اہم فیصلے
.
اسلام آباد (نمائندہ چترال ٹائمز) وزیراعظم کی معائنہ ٹیم کے چیئرمین کی ہدایت پر آج بذریعہ زوم چترال کے اہم شاہراہی منصوبوں، چترال۔بونی۔مستوج۔شندور روڈ، ایون۔کالاش ویلی روڈ اور گرم چشمہ روڈ، کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر عبدالولی خان، ایم این اے غزال انجم، وزارتِ مواصلات، نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے)، چیف سیکریٹری خیبر پختونخوا، ممبر (نارتھ) این ایچ اے، ڈپٹی کمشنرز لوئر و اپر چترال، جنرل منیجر این ایچ اے چترال، محکمہ معدنیات، محکمہ آبپاشی، محکمہ صنعت، چیف پی اینڈ ڈی خیبر پختونخوا، پراجیکٹ ڈائریکٹرز، کنسلٹنٹس، انجینئرز، کنٹریکٹرز اور دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔
اجلاس کے آغاز میں چترال۔بونی۔مستوج۔شندور روڈ منصوبے کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر عبدالولی خان نے عوامی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے استنگول پل، مروئی پائیں پل، مروئی بالا پل اور برینس پل کی تعمیر کی تجویز پیش کی۔ وزیراعظم کی معائنہ ٹیم کے چیئرمین نے اس تجویز سے اتفاق کرتے ہوئے ممبر (نارتھ) این ایچ اے کو ہدایت جاری کی کہ ایک ماہ کے اندر ان چاروں پلوں کے ڈیزائن مکمل کرکے منظوری کے لیے پیش کیے جائیں۔
اجلاس میں مزید بتایا گیا کہ چاروں پلوں سے بونی پل تک اسفالٹ بچھانے کا کام رواں ماہ کے اختتام تک مکمل کر لیا جائے گا، جبکہ آئندہ دسمبر تک چترال سے بونی تک پوری شاہراہ پر اسفالٹ کا کام مکمل کر دیا جائے گا۔
بعد ازاں ایون۔کالاش ویلی روڈ اور گرم چشمہ روڈ منصوبوں پر جاری تعمیراتی کام کی رفتار، معیار اور مجموعی پیش رفت کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
وزیراعظم کی معائنہ ٹیم کے چیئرمین نے ہدایت دی کہ ایون۔کالاش ویلی روڈ پر جولائی کے اختتام تک فاریسٹ چیک پوسٹ (ایون) تک اسفالٹ کا کام ہر صورت مکمل کیا جائے۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر لوئر چترال نے یقین دہانی کرائی کہ فاریسٹ چیک پوسٹ سے آگے زمین کے تمام مسائل ایک ماہ کے اندر حل کرکے متعلقہ ادارے کے حوالے کر دیے جائیں گے، تاکہ تعمیراتی کام میں کسی قسم کی رکاوٹ پیش نہ آئے۔
مزید برآں، ڈوباش پل (کالاش ویلی) تک نومبر کے اختتام تک راک کٹنگ کا کام مکمل کرنے کی بھی ہدایت جاری کی گئی۔
گرم چشمہ روڈ کے حوالے سے وزیراعظم کی معائنہ ٹیم کے چیئرمین نے کہا کہ ان شاء اللہ 14 اگست تک گرم چشمہ روڈ کا منصوبہ مکمل کر لیا جائے گا۔ انہوں نے شرکاء سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا:
“ان شاء اللہ 14 اگست کو گرم چشمہ روڈ کے افتتاح کے بعد آپ سب وہیں یومِ آزادی منائیں گے۔”
اجلاس کے اختتام پر وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر عبدالولی خان نے وزیراعظم کی معائنہ ٹیم کے چیئرمین کو چترال کے دورے کی باضابطہ دعوت دی۔ دعوت قبول کرتے ہوئے چیئرمین نے کہا:
“میں بہت جلد چترال کا دورہ کروں گا تاکہ جاری ترقیاتی منصوبوں کا موقع پر جائزہ لیا جا سکے اور ان کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جا سکے۔”
اجلاس کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ چترال کے تمام اہم شاہراہی منصوبوں کو مقررہ مدت، اعلیٰ معیار اور شفافیت کے ساتھ مکمل کیا جائے گا، تاکہ عوام کو جدید، محفوظ اور معیاری سفری سہولیات میسر آ سکیں۔