یکم جولائی سے لواری ٹنل پر ٹول ٹیکس وصولی کا آغاز، این ایچ اے نے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا
۔
چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) نے لواری ٹنل (این-45) ٹول پلازہ پر یکم جولائی 2026ء سے باقاعدہ ٹول ٹیکس وصولی شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں این ایچ اے کی جانب سے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔
جاری کردہ دستاویز کے مطابق ایک نجی کمپنی کو لواری ٹنل ٹول پلازہ کے آپریشن، مینٹیننس (O&M) اور ٹول ریونیو کلیکشن کا کنٹریکٹ دیا گیا ہے۔ کمپنی یکم جولائی 2026ء رات 12 بجے (00:00) سے ٹول وصولی کا آغاز کرے گی، جبکہ یہ معاہدہ 30 جون 2027ء تک مؤثر رہے گا۔
دستاویز کے مطابق کمپنی نے 20 لاکھ روپے ماہانہ (قابل اطلاق ٹیکس کے علاوہ) کی نیٹ گارنٹیڈ بولی پر یہ ٹھیکہ حاصل کیا، جو تمام بولیوں میں سب سے زیادہ تھی۔ این ایچ اے نے متعلقہ کمپنی کو معاہدے کی شرائط کے مطابق فوری طور پر آپریشن سنبھالنے اور ٹول وصولی کا نظام نافذ کرنے کی ہدایت بھی جاری کر دی ہے۔
دریں اثنا، نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے مسافروں، ٹرانسپورٹرز اور ڈرائیور حضرات سے اپیل کی ہے کہ وہ ٹول کی بروقت ادائیگی اور ٹریفک قوانین کی پابندی میں مکمل تعاون کریں تاکہ سفر محفوظ، منظم اور بلا تعطل جاری رکھا جا سکے۔
واضح رہے کہ لواری ٹنل چترال کو ملک کے دیگر حصوں سے ہر موسم میں منسلک رکھنے والی اہم شاہراہ کا حصہ ہے، جہاں ٹول ٹیکس کی وصولی یکم جولائی سے باقاعدہ طور پر شروع ہو جائے گی۔
