وزیراعظم کی ہدایت پر ممبر این ایچ اے امجد خان کا چترال- بونی- مستوج شندور روڈ کا تفصیلی معائنہ
چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پر ممبر NHA نارتھ امجد خان نے 15 نومبر کو چترال ۔بونی۔مستوج شندور روڈ کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر لوئر چترال راؤ ہاشم عظیم، دیگر انتظامی افسران، عبدالولی خان عابد ایڈووکیٹ (صدر مسلم لیگ ن لوئر چترال و کوآرڈینیٹر وزیراعظم پاکستان) اور سابق ایم این اے شہزادہ افتخار الدین بھی ان کے ہمراہ تھے۔
دورے کے دوران سڑک کے مجموعی معیار اور تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا گیا۔ مختلف مقامات پر ڈپٹی کمشنر نے مقامی عوام سے ملاقاتیں کیں اور ان کے مسائل سنے، خصوصاً لینڈ ایکوزیشن سے متعلق عوامی تحفظات پر بات چیت کی گئی۔
ممبر این ایچ اے امجد خان نے سڑک سے متعلق تمام مسائل اعلیٰ حکام تک پہنچانے اور اُن کے جلد حل کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے موقع پر موجود متعلقہ ٹھیکیدار کو کاری اور کوغذی پلوں پر فوری کام شروع کرنے کی ہدایت بھی جاری کی۔ ساتھ ہی یہ بھی اعلان کیا کہ لوئر چترال کی آخری حد پر ٹورسٹ فیسیلیٹیشن سینٹر قائم کیا جائے گا۔
ٹھیکیدار نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ:
چرون سے بونی تک اسفالٹ بچھانے کا کام رواں ماہ کے آخر میں شروع ہوگا۔
برنس سے شچار تک ترکول بچھانے کا کام جاری ہے۔
زیت اور کوراغ کے درمیان بھی جلد اسفالٹ بچھایا جائے گا۔

