نو تعینات ریجنل پولیس آفیسر ملاکنڈ سید فدا حسن نے اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا
سوات (نمائندہ چترال ٹائمز) نو تعینات ریجنل پولیس آفیسر ملاکنڈ سید فدا حسن نے باضابطہ طور پر اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا۔ آر پی او آفس سیدو شریف پہنچنے پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سوات محمد عمر خان نے ان کا پرتپاک استقبال کیا، جبکہ سوات پولیس کے چاق و چوبند دستے نے انہیں سلامی پیش کی۔
اس موقع پر ایس پی انویسٹی گیشن سوات، ایڈیشنل ایس پی سوات، ایس پی ہیڈ کوارٹر سوات، ایس پی سی ٹی ڈی، ایس پی ٹریفک ونگ سوات، ایس پی ایلیٹ فورس سمیت دیگر سینئر پولیس افسران اور دفتری عملہ بھی موجود تھا۔
چارج سنبھالنے کے بعد نو تعینات آر پی او ملاکنڈ نے پولیس افسران اور اہلکاروں سے ملاقات کی اور انہیں ہدایت کی کہ وہ قانون کی بالادستی، شفافیت اور خدمتِ خلق کے اصولوں کو پیش نظر رکھتے ہوئے اپنی ذمہ داریاں دیانت داری سے ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کا اصل مقصد عوام کو تحفظ فراہم کرنا اور ان کا اعتماد بحال رکھنا ہے۔
سید فدا حسن نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوام دوست پولیسنگ کو مزید فروغ دیا جائے گا، جبکہ جرائم کی روک تھام اور دہشت گردی جیسے سنگین جرائم کے خاتمے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
دریں اثنا کمشنر ملاکنڈ ڈویژن مسعود احمد سے نو تعینات ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) ملاکنڈ سید فدا حسن شاہ نے کمشنر آفس سیدو شریف میں ملاقات کی۔
کمشنر ملاکنڈ نے آر پی او ملاکنڈ کو نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارک باد پیش کی اور ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
ملاقات کے دوران ملاکنڈ ڈویژن میں امن و امان کی مجموعی صورتحال، ٹریفک مسائل اور دیگر پیشہ ورانہ امور پر بھی تفصیلی بات چیت ہوئی۔
یادرہے کہ نوتعینات آرپی او سید فدا حسن شاہ کا تعلق اپرچترال کے چرون گاوں سےہے ۔ وہ چترال کے پہلے پی ایس پی آفیسر ہیں جنھیں اس اہم عہدے پر تعینات کردیا گیا ہے۔



