نوتعینات ڈپٹی کمشنر لوئر چترال راؤ ہاشم عظیم کا آغا خان ایجنسی فار ہبیٹاٹ پاکستان چترال کے دفتر کا دورہ، آفات کی تیاریوں کا جائزہ، پیشگی تیاریوں کی کوششوں کو سراہا
چترال ( نمائندہ چترال ٹائمز ) ڈپٹی کمشنر چترال راؤ ہاشم عظیم، اسسٹنٹ کمشنر محمد آفتاب منیر کے ہمراہ آغا خان ایجنسی فار ہبیٹاٹ پاکستان (AKAH-P) کے دفتر کا وزٹ کیا تاکہ ادارے کی آفات سے نمٹنے کی صلاحیت اور تیاری کے نظام کا جائزہ لے سکیں۔
دورے کے دوران ریجنل پروگرام منیجر ولی محمد خان نے AKAH-P کی جانب سے چترال میں جاری منصوبوں اور آفات کی تیاری کی سرگرمیوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ یورپی یونین کے فنڈ سے جاری پروجیکٹ کے تحت AKAH-P ضلعی انتظامیہ کے لیے ایک ڈیش بورڈ قائم کر رہا ہے جو چترال لوئر اور اپر دونوں میں آفات سے نمٹنے کے مربوط اقدامات کو مضبوط بنائے گا۔ یہ ڈیش بورڈ ہنگامی صورتحال میں بروقت فیصلے کرنے کے لیے ایک جامع پلیٹ فارم فراہم کرے گا۔
وفد نے سرچ اینڈ ریسکیو سیٹ اپ اور ریجنل اسٹاک پائل کا بھی دورہ کیا اور AKAH-P کی جانب سے مقامی کمیونٹیز کی مدد اور آفات سے نمٹنے کی پیشگی تیاریوں کی کوششوں کو سراہا۔
دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے واٹر سرچ اینڈ ریسکیو سمولیشن ایکسرسائز کا بھی مشاہدہ کیا، جو AKAH-P، ریسکیو 1122 اور سول ڈیفنس کے پروفشنل اہلکاروں نے مشترکہ طور پر انجام دی۔ اس مشق نے پانی سے متعلق ہنگامی صورتحال میں اداروں کی باہمی تیاری اور تکنیکی صلاحیتوں کو اجاگر کیا۔آغا خان ایجنسی فار ہیبیٹاٹ چترال محفوظ، مضبوط اور تیار کمیونٹیز کی تشکیل کے لیے پرعزم ہے۔