این ڈی ایم اے کا موسمی الرٹ، چترال میں موسلا دھار بارشوں کے باعث سیلابی صورتحال، مختلف شاہراہیں متاثر
.
اسلام آباد / چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر (این ای او سی) نے ملک کے مختلف علاقوں میں آئندہ 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران بارش، گرج چمک، تیز ہواؤں اور ژالہ باری کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق اسلام آباد، پنجاب، خیبرپختونخوا، بلوچستان، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں بارش متوقع ہے، جبکہ بعض مقامات پر تیز ہواؤں اور ژالہ باری کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ ادارے نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز، دورانِ ڈرائیونگ احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور کمزور تعمیرات، درختوں اور بجلی کی تنصیبات سے دور رہنے کی ہدایت کی ہے۔
این ڈی ایم اے نے بالخصوص شمالی علاقوں کا رخ کرنے والے سیاحوں کو مشورہ دیا ہے کہ سفر سے قبل موسم اور سڑکوں کی صورتحال ضرور چیک کریں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچا جا سکے۔ بروقت موسمی معلومات اور ہنگامی الرٹس کے لیے “پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ” ایپ استعمال کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
دریں اثنا چترال میں گزشتہ رات سے وقفے وقفے سے موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث مختلف علاقوں میں سیلابی صورتحال اور لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات پیش آئے ہیں۔ دروش میں سیلابی پانی متعدد دکانوں اور مکانات کے اندر داخل ہونے کی اطلاعات ہیں۔
بارش اور سیلاب کے باعث دروش کے مختلف مقامات پر چترال پشاور مین روڈ متعدد مقامات پر بند ہوگئی تھی، جبکہ کلدام گول، کلکٹک، گہریت اور دیگر علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ٹریفک معطل رہی۔ تاہم ضلعی انتظامیہ کی نگرانی میں این ایچ اے اور ریسکیو ۱۱۲۲ کی مشینری نے کارروائی کرتے ہوئے سڑک کو ٹریفک کے لیے بحال کر دیا، جس کے بعد گاڑیوں کی آمدورفت دوبارہ شروع ہوگئی۔
ضلعی انتظامیہ چترال کے مطابق بارشوں کا یہ سلسلہ 23 مئی تک جاری رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ انتظامیہ نے الرٹ جاری کرتے ہوئے شہریوں اور مسافروں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔

