نیشنل ڈیزاسٹرمنیجمنٹ اتھارٹی کی طرف سے 10 جولائی تک ملک بھر میں شدید بارشوں اور سیلابی صورتحال کا الرٹ جاری
اسلام آباد ( چترال ٹائمزرپورٹ ) نیشنل ڈیزاسٹرمنیجمنٹ اتھارٹی کی طرف سے 10 جولائی تک ملک بھر میں شدید بارشوں اور سیلابی صورتحال کا الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔ پنجاب، سندھ، بلوچستان، خیبرپختونخوا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں ندی نالوں، دریاؤں (چناب، جہلم، سندھ، کابل، ہنزہ) میں طغیانی اور مرالہ، قادرآباد پر کم درجے کا سیلاب متوقع ہے۔ شمال مشرقی پنجاب، جنوبی بلوچستان (آواران، خضدار، جھل مگسی) اور آزاد کشمیر میں مقامی سیلاب کا خدشہ ہے۔ خیبرپختونخوا کے بالائی اضلاع خصوصا چترال اپر کو انتہائی حساس ضلع قرار دیا گیاہے، جہاں تورکہو، موڑکہو اور مستوج کے ندی نالوں کے قریبی رہائشی لوگوں کو مختاط رہنے اور ساتھ انتظامیہ کو بھی ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ عوام ندی نالوں اور پلوں کو عبور کرنے سے گریز کریں، نشیبی علاقوں کے مکین شہری سیلاب سے بچاو کے لیے حفاظتی اقدامات کریں اور خوراک، پانی اور ادویات کی ایمرجنسی کٹ تیار رکھیں۔ موسمی حالات پر نظر رکھیں۔
مزید رہنمائی کے لیے سماجی رابطے کی ویب سائٹس اور این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ ایپ استعمال کریں۔