The Voice of Chitral since 2004
Sunday, 29 November 2026
Chitraltimes — The Voice of Chitral

نوائے سُرود – تشخیص ضروری ہے – تحریر: شہزادی کوثر

Chitral Times

نوائے سُرود – تشخیص ضروری ہے – تحریر: شہزادی کوثر

نوائے سُرود – تشخیص ضروری ہے – تحریر: شہزادی کوثر

نوائے سُرود – تشخیص ضروری ہے – تحریر: شہزادی کوثر

.

“جس کا دل بیمار ہے، وہ کبھی خوش نہیں رہ سکتا۔” یہ ایک ایسی سوچ ہے جو ہماری شخصیت کی تشکیل اور اسے بدلنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ اپنے آپ کو سنوارنے اور اپنی سوچ کا زاویہ تبدیل کرنے کے لیے ہمیں چند بنیادی باتیں اپنانا ہوں گی۔

صبح بیدار ہوتے ہی سب سے پہلے خود کو یہ باور کرانا ضروری ہے کہ کسی دوسرے کے برے رویے کو اپنے مزاج اور خوشی پر حاوی نہیں ہونے دینا۔ ہماری سوچ اور اس کے زاویے کا اختیار ہمارے اپنے ہاتھ میں ہونا چاہیے، لیکن بدقسمتی سے ہم نے بہت سے معاملات میں، بلکہ شاید زندگی کے بیشتر معاملات میں، یہ ذمہ داری دوسروں پر ڈال رکھی ہے کہ وہ ہماری سوچ اور مزاج کا تعین کریں۔ یہی وجہ ہے کہ ہم دوسروں کے رویوں کو خود پر ضرورت سے زیادہ اثر انداز ہونے دیتے ہیں۔

مثلاً کسی نے کوئی نامناسب بات کہی اور ہم آپے سے باہر ہوگئے۔ کسی نے ہمارے کام پر نکتہ چینی کی تو ہم فوراً ردعمل دینے پر آمادہ ہوگئے اور زبان سے ایسی بات نکل گئی جس نے باہمی معاملات کو کشیدہ کر دیا، دلوں میں دوریاں پیدا ہوئیں اور ہم ایک دوسرے سے دور ہوتے چلے گئے۔ کسی نے ہماری بات سے اختلاف کیا تو ہمارا پارہ چڑھنے لگا۔

حقیقت یہ ہے کہ دو افراد کے درمیان ہر بات پر اتفاق ہونا ضروری نہیں۔ اختلافِ رائے اور سوچ کا فرق ہی شخصیت کے مختلف پہلوؤں کو نمایاں کرتا ہے۔ اگر میں کسی بات کو درست سمجھ کر اس پر عمل کر رہی ہوں تو یہ ہرگز ضروری نہیں کہ سامنے والا بھی اسے درست تسلیم کرے۔ اس کی رائے، نقطۂ نظر اور سوچنے کا انداز مجھ سے مختلف ہو سکتا ہے، لیکن اکثر ہم اس حقیقت کو سمجھنے کے لیے تیار نہیں ہوتے۔ یہ سوچ کہ جو کچھ میں کہوں وہی درست ہے اور سامنے والا غلط، کسی صورت درست نہیں ہو سکتی۔

ہر انسان اپنی ذات میں منفرد ہے۔ جس طرح اس کی صورت، شخصیت اور عادات دوسروں سے مختلف ہوتی ہیں، اسی طرح اس کی سوچ، تصورات اور خیالات بھی دوسروں سے جدا ہوتے ہیں۔ یہ بھی ممکن ہے کہ کوئی شخص اپنے تجربات کی بنیاد پر کسی معاملے کے ایسے پہلو کو دیکھ رہا ہو جو ہماری نظروں سے اوجھل ہو یا ہماری سمجھ سے باہر ہو۔ اس لیے دوسرے کی رائے کو، خواہ وہ ہمیں غلط ہی کیوں نہ محسوس ہو، سننے اور سمجھنے میں کوئی حرج نہیں۔ ضروری نہیں کہ ہم ہر بات سے اتفاق کریں، لیکن اختلاف کو برداشت کرنا اور دوسرے کے نقطۂ نظر کو سمجھنے کی کوشش کرنا ضرور سیکھنا چاہیے۔

جب ہم سامنے والے کے خیالات کو فوراً رد کرکے اپنی بات دہرانے لگتے ہیں تو معاملات میں کشیدگی بڑھنے کا خدشہ پیدا ہو جاتا ہے۔ اگر ہم نے کسی کے خیالات یا اختلافِ رائے کو اپنے اوپر حملہ تصور کر لیا تو گویا ہم نے اپنی زندگی کا اختیار دوسرے شخص کے ہاتھ میں دے دیا۔ نتیجتاً ہمارا دل بیمار ہونے لگتا ہے اور ہم خوشی سے دور ہوتے چلے جاتے ہیں۔

سامنے والے کا رویہ ایک لمحے کے لیے بہتر ہو جائے تو ہم خوش، ورنہ دکھی! گویا ہماری زندگی کا انحصار ہی اس شخص کے رویے پر ہوگیا جو ہم سے اختلافِ رائے رکھتا ہے۔ ایسے میں ہم اپنی خوشی اور ذہنی سکون کو بھی حالات اور دوسروں کے رویوں سے مشروط کر لیتے ہیں۔ پھر ہر معاملے کو تقدیر کے کھاتے میں ڈالنے لگتے ہیں کہ قسمت میں خوشی لکھی ہوگی تو مل جائے گی، ورنہ نہیں۔

حالانکہ ذہنی آسودگی اور خوشی کی ذمہ داری خود اٹھا کر ہم اپنی زندگی کو پُرسکون بنا سکتے ہیں۔ کوئی شخص ہمارے ساتھ کیسا ہی نامناسب رویہ کیوں نہ اپنائے، ہمیں اپنا سکون برقرار رکھتے ہوئے اس کی بات کا جواب دینا چاہیے۔ اس ضمن میں یہ سمجھنا بھی ضروری ہے کہ ہر بات جواب کی مستحق نہیں ہوتی اور نہ ہی ہر شخص کو جواب دینا ضروری ہے۔ کس بات کا جواب دینا ہے، کس کو کتنا جواب دینا ہے، کب دینا ہے اور کس انداز میں دینا ہے، اس کا فیصلہ بھی ہمیں خود ہی کرنا ہے۔

تعلقات کی مضبوطی اور باہمی احترام کے لیے بعض باتوں کو نظر انداز کرنا پڑتا ہے۔ کسی کے برے رویے کی وجہ سے ہمیں اپنی زندگی کا سکون اور خوشیاں برباد نہیں کرنی چاہئیں، بلکہ اپنے اچھے رویے اور مثبت سوچ کے ذریعے اس صورتِ حال پر قابو پانے کی کوشش کرنی چاہیے۔ ممکن ہے کہ ہماری اچھی سوچ اور مثبت طرزِ عمل کسی کے تلخ مزاج، سخت ردعمل اور منفی سوچ کو بدلنے میں مؤثر ثابت ہو، کیونکہ مثبت سوچ میں یقیناً اتنی طاقت ہوتی ہے کہ وہ دوسروں کے دلوں کی تلخی اور رویوں کی سختی کو کم کر سکے۔

اگر ہم برائی کا جواب بھی برائی سے دیں تو درحقیقت ہم خود ہار جاتے ہیں۔ اس کے برعکس اچھے رویے کا مظاہرہ ایک ایسی مثبت کوشش ہے جو ہمارے کردار اور عمل کو مضبوط بناتی ہے۔

غصہ آنا انسانی فطرت کا ایک پہلو ہے، لیکن اس پر قابو نہ رکھ پانا ہماری کمزوری ہے۔ غصہ محض کسی دوسرے کے عمل یا بات سے پیدا نہیں ہوتا، بلکہ اس کے محرکات ہمارے اپنے مزاج میں بھی موجود ہوتے ہیں۔ اگر کسی کی معمولی سی بات ہمارے غصے کو بھڑکانے لگتی ہے تو اس کا مطلب یہ بھی ہو سکتا ہے کہ ہمارے اندر برداشت اور تحمل کی گنجائش کم ہے۔ ہم نے اپنے ظرف کو مثبت سوچ، صبر اور برداشت جیسی خوبیوں سے بھرنے کے بجائے غصے کے بارود سے بھر رکھا ہے، یہی وجہ ہے کہ معمولی سی رگڑ بھی ہمارے اندر دھماکا کر دیتی ہے۔

کوئی بات سماعتوں سے ٹکراتے ہی ہمارے من میں سلگتی چنگاریوں کو ہوا دینے لگتی ہے اور پھر غصے کی یہ آگ بھڑک اٹھتی ہے۔ اس آگ سے دوسروں کو شاید اتنا نقصان نہیں پہنچتا جتنا ہم خود اپنا نقصان کر بیٹھتے ہیں۔ ہم اپنا ذہنی سکون کھو دیتے ہیں، تعلقات میں تلخی پیدا کرتے ہیں اور اپنی خوشیوں کو اپنے ہی ہاتھوں برباد کر لیتے ہیں۔

اس کا مطلب یہ نہیں کہ ہم غیر صحت مند ہیں، بلکہ یہ اس بات کی علامت ہو سکتی ہے کہ ہمارے اندر خود احتسابی کی ضرورت ہے۔ جب اپنی غلطیوں اور کوتاہیوں کے باوجود ہمیں ہر معاملے میں صرف دوسرے ہی قصوروار دکھائی دینے لگیں تو سمجھ لینا چاہیے کہ خرابی کی تشخیص اپنے اندر کرنے کی ضرورت ہے۔

کیونکہ دوسروں کے رویوں کو بدلنے سے پہلے اپنے اندر کی کیفیت کو سمجھنا اور اپنی اصلاح کرنا ضروری ہے۔ اپنے دل کی بیماری کی درست تشخیص ہی ذہنی سکون، خوشی اور ایک بہتر شخصیت کی طرف پہلا قدم ہے۔