لوئر و اپر چترال میں قومی انسدادِ پولیو مہم کا باضابطہ آغاز، ضلعی انتظامیہ متحرک
چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) لوئر اور اپر چترال میں قومی انسدادِ پولیو مہم کا باضابطہ آغاز کر دیا گیا ہے، جس کا مقصد پانچ سال سے کم عمر کے تمام بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے حفاظتی قطرے پلانا ہے۔
لوئر چترال میں ڈپٹی کمشنر راؤ ہاشم عظیم نے ڈپٹی کمشنر آفس میں بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر مہم کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر ضلعی انتظامیہ، محکمہ صحت کے افسران اور پولیو ٹیموں کے نمائندگان موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے والدین سے اپیل کی کہ وہ پولیو ٹیموں سے بھرپور تعاون کریں اور اپنے بچوں کو ہر صورت حفاظتی قطرے پلائیں تاکہ پولیو کے مکمل خاتمے کو ممکن بنایا جا سکے۔
پانچ روزہ قومی انسدادِ پولیو مہم کے پہلے روز لوئر چترال کے مختلف علاقوں میں پولیو ٹیموں کی کارکردگی، ویکسینیشن کوریج، فنگر مارکنگ اور ڈور مارکنگ کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ضلعی انتظامیہ کے افسران نے مارننگ اسمبلیوں میں شرکت کر کے ٹیموں کو مائیکرو پلان کے مطابق گھر گھر جا کر سو فیصد ہدف حاصل کرنے کی ہدایات دیں، تاکہ کوئی بھی بچہ پولیو ویکسین سے محروم نہ رہے۔
دوسری جانب اپر چترال میں ڈپٹی کمشنر محمد عمران خان نے کیٹگری ڈی ہسپتال بونی میں انسدادِ پولیو مہم کے سلسلے میں منعقدہ مارننگ اسمبلی میں شرکت کی۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اپر چترال، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے پولیو ٹیموں کو سختی سے ہدایت کی کہ وہ اپنے مقررہ کیچمنٹ ایریاز میں مائیکرو پلان کے تحت گھر گھر جا کر تمام بچوں کو پولیو کے قطرے پلائیں، کیونکہ کسی بھی بچے کا پولیو سے محروم رہ جانا ناقابلِ قبول ہوگا۔
دونوں اضلاع میں انسدادِ پولیو مہم کے دوران سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں، جبکہ ضلعی انتظامیہ نے سیکیورٹی اہلکاروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ پولیو ٹیموں کے ساتھ مسلسل موجود رہیں اور اپنی ذمہ داریاں پوری مستعدی سے انجام دیں۔
ضلعی انتظامیہ لوئر و اپر چترال نے انسدادِ پولیو مہم کو قومی فریضہ قرار دیتے ہوئے تمام متعلقہ محکموں کے مابین باہمی تعاون، مربوط حکمتِ عملی اور مؤثر مانیٹرنگ پر زور دیا ہے، تاکہ پولیو کے مکمل خاتمے کے ہدف کو کامیابی سے حاصل کیا جا سکے۔



