محمد طلحہ محمود فاؤنڈیشن کے تعاون سے جغور نالے کی صفائی مکمل، سیلاب سے مزید نقصان کا خطرہ ٹل گیا
.
لوئر چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) حالیہ سیلاب سے متاثرہ جغور نالے کی صفائی اور حفاظتی پشتوں کی تعمیر کا کام محمد طلحہ محمود فاؤنڈیشن کے تعاون سے کامیابی کے ساتھ مکمل کر لیا گیا، جس کے بعد علاقے میں مزید سیلابی خطرات میں نمایاں کمی آنے کی توقع ہے۔
حالیہ شدید سیلاب کے باعث جغور نالے میں ملبہ جمع ہونے سے اس کی گہرائی کم ہو گئی تھی، جس کے نتیجے میں قریبی آبادی، مکانات اور زرعی اراضی کو مزید نقصان پہنچنے کا خدشہ پیدا ہوگیا تھا۔
اس صورتحال کے پیش نظر محمد طلحہ محمود فاؤنڈیشن نے فوری طور پر ایکسکیویٹر مشین فراہم کی، جس نے مسلسل چار روز تک نالے کی صفائی، ملبہ ہٹانے اور حفاظتی پشتوں کی تعمیر کا کام جاری رکھا۔ محنت اور بروقت اقدامات کے نتیجے میں صفائی کا کام کامیابی سے مکمل کر لیا گیا، جس سے پانی کے بہاؤ کو بحال کرنے اور مستقبل میں ممکنہ نقصانات کے خطرات کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔
اس موقع پر جغور کے عمائدین، مقامی عوام اور سیلاب سے متاثرہ خاندانوں نے بروقت تعاون اور عملی اقدامات پر سینیٹر محمد طلحہ محمود اور محمد طلحہ محمود فاؤنڈیشن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مشکل وقت میں فوری امدادی اقدامات سے مقامی آبادی کو بڑا ریلیف ملا ہے۔
مقامی عمائدین نے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی قدرتی آفات سے نمٹنے اور متاثرہ علاقوں کی بحالی کے لیے اسی جذبے کے ساتھ تعاون جاری رکھا جائے گا۔
