ایم پی اے فاتح الملک علی ناصر کا دورہ دروش وآرندو، ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح اور متاثرہ علاقوں کا جائزہ، میرکھنی آرندو روڈ منصوبہ 2027 تک مکمل ہوجائیگا۔ بریفنگ
.
لوئر چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) ایم پی اے، ڈیڈک چیئرمین اور ضلعی صدر پاکستان تحریکِ انصاف لوئر چترال فاتح الملک علی ناصر نے تحصیل دروش اور ارندو کا تفصیلی دورہ کیا، جہاں انہوں نے مختلف ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کیا، جاری اسکیموں کا جائزہ لیا اور افغانستان کی طرف سے فائرنگ کے نتیجے میں متاثرہ علاقوں کا معائنہ کیا۔
انہوں نے عوامی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی ان کی اولین ترجیح ہے اور چترال کے مختلف علاقوں میں سڑکوں، آبنوشی، آبپاشی اور دیگر ترقیاتی منصوبوں پر عملی کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریکِ انصاف محدود وسائل کے باوجود عوامی خدمت کے مشن پر گامزن ہے۔
آرندو میں انہوں نے سعودی حکومت کی مالی تعاون سے تعمیر ہونے والی 26 کلومیٹر طویل میرکھنی ارندو روڈ منصوبے پر جاری پیش رفت کا جائزہ لیا۔ حکام کے مطابق تقریباً 4 ارب روپے کی لاگت سے مکمل ہونے والا یہ منصوبہ 2027 تک پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا جبکہ اس کی نگرانی خیبرپختونخوا حکومت کا ادارہ PaRRSA کرے گا۔
پراجیکٹ حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ابتدائی مرحلے میں ریٹیننگ والز، کلورٹس اور پلوں کی تعمیر پر کام شروع کیا جا رہا ہے جبکہ بعد میں سڑک پر اسفالٹ بچھایا جائے گا۔
بعد ازاں انہوں نے ارندو بارڈر میں متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور بجلی کے نظام، سڑکوں، پلوں اور دیگر انفراسٹرکچر کو پہنچنے والے نقصانات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر مقامی عوام نے بجلی کی بندش اور تباہ شدہ انفراسٹرکچر سے متعلق مشکلات سے آگاہ کیا، جس پر ایم پی اے نے یقین دہانی کرائی کہ حکومتِ خیبرپختونخوا متاثرہ خاندانوں کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔
انہوں نے کہا کہ بجلی کی بحالی، انفراسٹرکچر کی مرمت، تعمیرِ نو اور عوامی سہولیات کی فراہمی کے لیے جلد عملی اقدامات کیے جائیں گے۔ فاتح الملک علی ناصر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ چترال کے تمام علاقوں میں بلا تفریق ترقیاتی کام جاری رکھے جائیں گے اور عوامی مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
دریں اثنا دورہ دروش کے دوران انہوں نے مکمل ہونے والے لنک روڈ پی سی سی منصوبے کا افتتاح کیا، جو ٹی ایم اے ڈیپارٹمنٹ کے تحت مکمل کیا گیا۔ اس موقع پر عوام نے ان کا پرتپاک استقبال کیا جبکہ عمائدین نے علاقے کے مسائل خصوصاً آبپاشی پانی کی فراہمی سے متعلق مطالبات پیش کیے۔ ایم پی اے نے یقین دہانی کرائی کہ آئندہ ترقیاتی اسکیموں میں ان مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔



