مسلمہ حقیقت: تحریر: اقبال حیات اف برغذی
.
پیسہ! ظاہری طور پر یہ ایک نام اور ایک لفظ ہے مگر اس کی نوعیت سے ہر کوئی آگاہ ہے اور اس لفظ سے ہر کوئی شناسا ہے۔ یہ ہر ایک کی آنکھوں کا تارا ہے اس نام کو سن کر دل شادمان اور انکھیں روشن ہوتی ہیں۔ ہر کسی کے کان کھڑے ہوتے ہیں اور زبان پر چاشنی محسوس کی جاتی ہے۔اس نام کے ساتھ محبت کی بنیاد پر شرم وحیاء اور عزت و آبرو بھی اس کے حصول کیلئے لٹائے جانے کے واقعات بھی ہوتے ہیںَ۔یہ نام ہر ایک دل کی آرزو اور ہرکسی کی فکروخیال کے گھوڑے پر سوار رہتا ہے۔ اس کے حصول کیلئے انسان شب وروز تگ ودو اور فکروخیال سے دوچار۔ ہاتھ پاوں مارتا ہے۔ جان کی بازی لگا کر ہرطریقے سے اس کے حصول کیلئے برسرپیکار رہتا ہے۔ اور جائز ناجائز کی تمیز سے بھی ناآشنا ہوتاہے۔
پیسے میں ایک ایسی کشش اور چمک ہے کہ جس کے اثرات سے اپنے آپ کو بچانا انسان کیلئے سب سے مشکل کام ہے۔ ایک معصوم بچہ عام کاغذ اور پیسے میں فرق کو پہچان لیتا ہے۔اگر ایک سکہ زمین پرپڑے تو اس کی آواز ہر کسی کو اپنی طرف متوجہ کرتی ہے اس کے مقابلے میں عام پیتل اگرزمین پر گرے۔تو اس کی آواز قابل دھیان نہیں ہوتی۔
پیسہ اگر جیب کی زینت بنے تو قدموں کے اٹھنے کے انداز بدل جائیں گے۔ چہرے پر طمانیت کا ظہور ہوگا۔ آنکھیں اوپر کو اٹھیں گی اور باتوں کے انداز بدل جائیں گے۔زندگی پر لطف محسوس ہوگی اور دل پھول کی طرح کھل کھلا اٹھے گا۔
پیسہ انسان کو معتبر اور جازب نظر کرتاہے فضول اوربیکار باتوں کی قیمت بڑھاتا ہے۔ سلام اور خوشامدیوں میں اضافہ کرتاہے۔ اگریہ جیب میں ہو تو اولادبھی فرمانبردار اور تابعدار ہوتاہے اور اگر جیب خالی ہو تو ہر بات پر گلے کی طرف ہاتھ اٹھنے سے واسطہ پڑتا ہے۔پیسہ ہر درد کی دوا اور جذبات اور خواہشات اور ارمانوں کی برآوری کا ذریعہ ہے۔اس لئے علامہ اقبال فرماتے ہیں کہ
اے ذر تو خدا نیست لیکن بخدا
مشکل وکشائی وقاضی الحاجاتی
یعنی آئے پیسہ تم خدا تو نہیں ہو لیکن خدا کی قسم مشکل کشائی اور ضروریات کی برآوری کا آئینہ دار ہو۔
پیسہ سیر ہونے نہیں دیتا۔جتنا بھی یہ ہاتھ لگے “ھل من مزید” کی حسرت بڑھ جاتی ہے۔پیسہ دل کو محبت اور رواداری کے جذبے سے خالی کرکے دوسروں کے ادب اور احترام کی صٖفت کو مٹادیتا ہے اور اس میں اضافہ پریشانی کے راستوں کو گھول دیتا ہے۔ لذت بھری پرسکوں نیند مفقود ہوتی ہے۔ اولاد اور دیگر اہل وعیال کے ساتھ ایک ہی دسترخوان ہر ایک ہی تھالی میں ہاتھ ڈال کر کھاناکھانے اور ایک دوسرے کی طرف مسکرا کر دیکھنے اور دل کھول کر گفتگو کرنے کی نعمت ختم ہوتی ہے۔
پیسے کی ضرورت سے انکار نہیں کیا جاسکتا کیونکہ زندہ رہنے کیلئے اس کیساتھ تعلق رکھنا پڑے گا۔لیکن اگر اس کے حصول کو زندگی کا مقصد بنایا جائے۔تو اس کے ساتھ محبت دل میں پیدا ہوگی اور یوں پسندیدہ افعال پر اثرات پڑنے کے ساتھ ساتھ ایمان کی حلاوت کو دل سے نکالنے کا سبب بنے گا۔
سب سے قابل ذکر بات یہ ہے کہ پیسے کا بنڈل ہاتھ میں لے کر گنتے وقت انگلیوں کے ناچنے کا بھی احساس ہوتا ہے۔ حالانکہ مسلمہ حقیقت یہ ہے کہ حضرت علی کرم اللہ وجہو فرماتے ہیں کہ پیسوں کو گن گن کر کیوں رکھتے ہو۔کیا تمہیں احساس اور معلوم نہیں کہ کفن کی جیب نہیں ہوتی۔
مختصر یہ کہ
جائے گا جب جہاں سے کچھ بھی نہ پاس ہوگا
دو گزکفن کا ٹکڑا تیر ا لباس ہوگا
اس کا مشاہدہ ہم اپنے سامنے ہوتے دیکھتے ہیں لیکن عبرت سے محرومی سے زیادہ بدقسمتی اور کچھ نہیں۔