ضلعی عدالت اپر چترال میں سیکیورٹی آڈٹ اور موک ایکسرسائز کا انعقاد
.
اپر چترال (نمائندہ چترال ٹائمز ) پشاور ہائی کورٹ کی ہدایات کی روشنی میں آپریشنل تیاری اور ہنگامی حالات سے مؤثر انداز میں نمٹنے کی صلاحیتوں کو مزید بہتر بنانے کے لیے آج ضلعی عدالت اپر چترال میں ایک جامع فرضی مشق (Mock Exercise) اور سیکیورٹی آڈٹ کا انعقاد کیا گیا۔ اس مشق میں اپر چترال پولیس کے چاق و چوبند افسران اور جوانوں نے بھرپور حصہ لیا۔
مذکورہ ہدایات کے مطابق ضلعی عدالت اپر چترال کے احاطے میں سیکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لینے کے لیے یہ مشق منعقد کی گئی۔ اس کا بنیادی مقصد مقامی پولیس کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، آپریشنل تیاری اور کسی بھی ممکنہ ہنگامی یا ناخوشگوار صورتحال میں بروقت اور مؤثر ردِعمل کا عملی جائزہ لینا تھا، تاکہ عدالتوں کے احاطے میں موجود معزز ججز صاحبان، عدالتی عملہ، وکلاء برادری اور سائلین کی حفاظت کو ہر صورت یقینی بنایا جا سکے۔
اس سیکیورٹی آڈٹ اور موک ایکسرسائز کے دوران موجودہ سیکیورٹی انتظامات کا بھی باریک بینی سے جائزہ لیا گیا اور مستقبل میں انہیں مزید مؤثر اور مضبوط بنانے کے لیے مختلف تجاویز اور سفارشات زیرِ غور لائی گئیں۔
اس موقع پر ریسکیو 1122 کے اہلکاروں نے بھی پولیس کے ساتھ بھرپور تعاون کرتے ہوئے امدادی کارروائیوں میں پیشہ ورانہ مہارت اور فوری ردِعمل کا عملی مظاہرہ کیا۔
مشق کے اختتام پر ضلعی عدالت کے ججز صاحبان، وکلاء برادری، پولیس افسران اور عدالت میں موجود دیگر شرکاء نے پولیس اور ریسکیو 1122 کی کارکردگی کو سراہا۔ شرکاء نے اس امر پر زور دیا کہ اس نوعیت کی مشقیں سیکیورٹی اداروں کی پیشہ ورانہ استعداد میں اضافہ کرنے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے نہایت اہمیت کی حامل ہیں۔

