ممبر قومی اسمبلی غزالہ انجم کا دورۂ اپر چترال، عوامی مسائل کے حل اور ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کی یقین دہانی
۔
اپر چترال (نمایندہ چترال ٹائمز ) ممبر قومی اسمبلی غزالہ انجم نے اپر چترال کا تفصیلی دورہ کیا، جہاں انہوں نے سیلاب اور دریائی کٹاؤ سے متاثرہ علاقوں کا معائنہ، جاری ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ اور پارٹی رہنماؤں، صحافیوں اور مقامی عمائدین سے ملاقاتیں کیں۔ دورے کے دوران انہوں نے عوام کو درپیش مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن کردار ادا کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
اس موقع پر ان کے ہمراہ پاکستان مسلم لیگ (ن) لوئر چترال کے جنرل سیکریٹری محمد کوثر ایڈووکیٹ سمیت پارٹی کے دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ چرون پہنچنے پر پاکستان مسلم لیگ (ن) اپر چترال کے عہدیداروں اور کارکنوں نے معزز مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا۔
وفد نے دریائی کٹاؤ سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے نقصانات کا تفصیلی جائزہ لیا اور متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کی۔ ایم این اے غزالہ انجم نے متاثرین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کے مسائل کو مؤثر انداز میں وفاقی حکومت تک پہنچایا جائے گا اور متاثرہ خاندانوں کی امداد، بحالی اور تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔
انہوں نے چترال۔بونی۔شندور روڈ پر جاری تعمیراتی کام کا معائنہ کیا اور منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ لیا۔
بعد ازاں پاکستان مسلم لیگ (ن) اپر چترال کے عہدیداروں کا ایک خصوصی اجلاس منعقد شفیق ھاوس بونی میں منعقد ہوا جس کی صدارت پارٹی کے سینئر نائب صدر پرویز لال نے کی۔ اجلاس میں جنرل سیکریٹری پاکستان مسلم لیگ (ن) اپر چترال پرنس سلطان الملک سمیت دیگر شرکاء نے چترال۔بونی۔شندور روڈ کی تعمیر میں غیر معمولی سست رفتاری پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے منصوبے پر کام تیز کرنے کا مطالبہ کیا۔
اجلاس میں بونی میں نادرا دفتر کے لیے زمین کی خریداری میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے تاخیر، وزیر اعظم پاکستان کے اعلان کردہ اسٹیٹ آف دی آرٹ ہسپتال اور اپر چترال یونیورسٹی کے منصوبوں پر پیش رفت سمیت دیگر اہم عوامی مسائل پر بھی تفصیلی غور کیا گیا۔ شرکاء نے ان منصوبوں کو جلد عملی شکل دینے کی ضرورت پر زور دیا۔
ایم این اے غزالہ انجم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ تمام عوامی اور تنظیمی مسائل کے حل کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے پارٹی کو مزید فعال، منظم اور مضبوط بنانے کے حوالے سے مختلف تجاویز بھی پیش کیں۔
اجلاس کے اختتام پر صدارتی خطاب کرتے ہوئے پرویز لال نے ایم این اے غزالہ انجم کا اپر چترال کا دورہ کرنے پر شکریہ ادا کیا اور خصوصاً چترال۔بونی۔شندور روڈ کی سست رفتار تعمیر پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ منصوبے کی بروقت، معیاری اور شفاف تکمیل کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے پارٹی کو درپیش تنظیمی مسائل کے فوری حل کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
