چترال کی مختلف سڑکوں پر کام تیزی سے جاری ہے، موبائل نیٹ ورک اور انٹرنیٹ کامسئلہ 50 فیصد تک حل کر لیا گیا ہے ۔ غزالہ انجم ایم این اے چترال
چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) خواتین کی نشست پر منتخب رکن قومی اسمبلی پاکستان مسلم لیگ (ن) غزالہ انجم کو چترال آمد پر لواری ٹنل سے چترال ٹاؤن تک پرتپاک استقبال کیا گیا۔
اپنی رہائش گاہ دنین میں پارٹی کارکنوں اور مقامی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے غزالہ انجم نے کہا کہ 2018 کے بعد ملک بھر میں تمام ترقیاتی منصوبے روک دیے گئے تھے اور پاکستان کی تیز رفتار ترقی کا سفر تھم گیا تھا، تاہم پی ڈی ایم کی حکومت نے بروقت اقدامات کے ذریعے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا۔ ان کے بقول وزیراعظم شہباز شریف نے اپنی سیاسی بصیرت سے پاکستان کی ڈوبتی معیشت کو سہارا دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ چترال کے عوام کو اب پہچان لینا چاہیے کہ ان کے اصل ہمدرد اور خیرخواہ کون ہیں۔ غزالہ انجم نے دعویٰ کیا کہ سابق وزیراعظم محمد نواز شریف نے 2013 میں اپر اور لوئر چترال کے لیے جن ترقیاتی منصوبوں کا اعلان کیا تھا، وہ انشا اللہ موجودہ دور میں پایۂ تکمیل تک پہنچیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف نے ان کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے معائنہ کمیشن کو متحرک کیا ہے اور اس وقت چیئرمین و اراکین کمیشن چترال کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ لواری ٹنل اپروچ روڈ، چترال بونی شندور روڈ اور کالاش ویلیز روڈ پر وزیراعظم کی ہدایت پر کام تیزی سے جاری ہے، جبکہ مستوج، یارخون اور بروغل روڈ کی جغرافیائی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے وفاقی حکومت اس پر بھی سنجیدگی سے غور کر رہی ہے۔ بونی بزوند روڈ کے لیے بھی وفاقی حکومت صوبائی حکومت کو مسلسل فنڈز فراہم کر رہی ہے۔
غزالہ انجم نے کہا کہ چترال میں موبائل نیٹ ورک اور انٹرنیٹ سب سے بڑا مسئلہ تھا، جسے 50 فیصد تک حل کر لیا گیا ہے اور بہت جلد سو فیصد مسائل حل کر دیے جائیں گے۔ ان کے مطابق وفاقی حکومت چترال کے تمام بنیادی مسائل حل کرنے کے ساتھ ساتھ غریب عوام کو ریلیف دینے کے لیے پرعزم ہے۔
اس موقع پر صدر تاجر یونین نور محمد خان، فضل رحیم، سید احمد خان، محمد کوثر ایڈووکیٹ، خواجہ امتیاز، عمران الملک اور دیگر پارٹی رہنماؤں نے بھی اظہارِ خیال کیا۔ غزالہ انجم نے شاندار استقبال اور والہانہ محبت پر چترال کے عوام اور پارٹی کارکنوں کا شکریہ ادا کیا۔

