ڈی آئی سی سی اجلاس، مائن کے شعبے میں اہم پیش رفت، ورکنگ این او سی اور منرل ٹرانسپورٹیشن کا طریقہ کار طے
۔
چترال (چترال ٹائمز رپورٹ) چترال مائن اونرز ایسوسی ایشن کے مطابق ڈی آئی سی سی اجلاس کے منٹس موصول ہونے کے بعد معدنیات کے شعبے سے وابستہ مائن اونرز کے لیے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ صدر چترال مائن اونرز ایسوسی ایشن اشفاق علی خان اور انفارمیشن سیکریٹری حسین شاہ نے ڈپٹی کمشنر لوئر چترال سے ملاقات کی، جس میں ورکنگ این او سی اور منرل ٹرانسپورٹیشن سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ایسوسی ایشن کی طرف سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ڈپٹی کمشنر نے مائن اونرز کو یقین دہانی کرائی کہ وہ اپنا کام جاری رکھیں اور پریشان ہونے کی ضرورت نہیں۔
پریس ریلیز کے مطابق ورکنگ این او سی کے حوالے سے گزشتہ اجلاس میں صدر اشفاق علی خان کی جانب سے تجویز پیش کی گئی تھی کہ ہر لیبر کے لیے الگ پولیس کلیئرنس سرٹیفکیٹ کی شرط کو آسان بنایا جائے اور اس کے بجائے تمام لیبرز کے ضروری کوائف ایک مقررہ پروفارمہ کے ذریعے حاصل کیے جائیں۔ ڈپٹی کمشنر نے اس تجویز سے اتفاق کرتے ہوئے پولیس ڈیپارٹمنٹ کو ہدایت کی ہے کہ لیبرز کے کوائف پر مشتمل پروفارمہ تیار کیا جائے، جسے مکمل کرکے ڈپٹی کمشنر آفس میں جمع کرایا جائے گا۔
ایسوسی ایشن کے مطابق سیٹلڈ ایریاز میں ورکنگ این او سی کے لیے پراسپیکٹنگ لائسنس یا لیز ورک آرڈر، لائسنس یا لیز ہولڈر کی جانب سے حلف نامہ، لیز ہولڈر کا فیملی ٹری اور پولیس ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے فراہم کردہ پروفارمہ جمع کرانا ہوگا۔ حلف نامے میں لائسنس یا لیز ہولڈر کی جانب سے اس امر کی یقین دہانی کرائی جائے گی کہ وہ اور اس کے ساتھ کام کرنے والے لیبرز کسی بھی ریاست مخالف سرگرمی میں ملوث نہیں ہوں گے اور خلاف ورزی کی صورت میں لیز ہولڈر ذمہ دار ہوگا۔
ایسوسی ایشن کے مطابق مذکورہ دستاویزات مکمل کرکے ڈپٹی کمشنر آفس میں جمع کرانے کے بعد مائن اونرز اپنے متعلقہ علاقوں میں کام جاری رکھ سکیں گے۔
منرل ٹرانسپورٹیشن کے حوالے سے ایسوسی ایشن نے بتایا کہ مائننگ ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے باقاعدہ پروفارمہ تیار کیا جائے گا۔ پروفارمہ مکمل ہونے کے بعد اس کی ایک کاپی ڈپٹی کمشنر آفس جبکہ دوسری کاپی لواری ٹنل پر جمع کرائی جائے گی۔ ایسوسی ایشن کے مطابق متعلقہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر کی عدم موجودگی کے باعث پروفارمہ کی تیاری میں تاخیر ہوئی ہے، تاہم ان کی آئندہ پیر کو آمد کے بعد پروفارمہ تیار کرکے منرل ٹرانسپورٹیشن کا عمل باقاعدہ شروع کیا جائے گا۔
مائن اونرز ایسوسی ایشن کے مطابق ڈپٹی کمشنر لوئر چترال نے اس حوالے سے مائن اونرز کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔
پریس ریلیز میں مذید کہا گیا ہے کہ یہ پیش رفت صدر چترال مائن اونرز ایسوسی ایشن اشفاق علی خان کی مسلسل کوششوں اور متعلقہ حکام سے رابطوں کا نتیجہ ہے۔ ایسوسی ایشن نے ڈپٹی کمشنر لوئر چترال، ڈی آئی سی سی کے اراکین اور متعلقہ اداروں کے ذمہ داران کا بھی شکریہ ادا کیا ہے کہ انہوں نے مائن اونرز کے مسائل سنے اور ان کے حل کے لیے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔