یونیورسٹی روڈ کی مرمت اور بحالی میں تاخیر پر طلبہ کا اظہارِ تشویش، احتجاج کیلئے لائحہ عمل کا عندیہ
.
چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) یونیورسٹی آف چترال میں یونیورسٹی روڈ کی مرمت کے حوالے سے جاری تحریک کے سلسلے میں آج یونیورسٹی لان میں تمام طلبہ تنظیموں کے سربراہان اور مختلف ڈیپارٹمنٹس کے سی آرز (CRs) اور جی آرز (GRs) کا مشترکہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں آئندہ کے لائحہ عمل پر تفصیلی غور کیا گیا۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ چند روز قبل یونیورسٹی آف چترال کے ایک وفد نے ڈپٹی کمشنر لوئر چترال راؤ ہاشم عظیم سے ان کے دفتر میں ملاقات کی تھی، جس میں انہوں نے 26 اپریل کو این ایچ اے (NHA) حکام کے ہمراہ یونیورسٹی روڈ کا معائنہ کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی۔ بعد ازاں معائنے کے لیے پیر کا دن مقرر کیا گیا، تاہم اس روز بھی کوئی عملی پیش رفت دیکھنے میں نہیں آئی۔
طلبہ رہنماؤں نے اجلاس میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے تاخیر اور وعدہ خلافی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس کی مذمت کی۔ اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ اگر رواں ہفتے کے اندر یونیورسٹی روڈ کی مرمت کا کام شروع نہ کیا گیا تو تحریک کی جانب سے آئندہ کے لائحہ عمل کا باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔
طلبہ نمائندگان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ یونیورسٹی روڈ تحریک کو مزید مؤثر بنانے کے لیے نہ صرف طلبہ و طالبات بلکہ چیو پل تا سین لشٹ کے عوام کو بھی ساتھ ملایا جائے گا، اور انہیں اس جدوجہد میں شامل ہونے کی دعوت دی جائے گی۔

