اپر چترال میں مذہبی ہم آہنگی اور امن و امان کے فروغ سے متعلق اہم اجلاس
اپرچترال ( نمائندہ چترال ٹائمز ) اپر چترال میں مذہبی ہم آہنگی، امن و امان اور باہمی رواداری کے فروغ کے سلسلے میں ایک اہم اجلاس ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ اپر چترال محمد انور کی زیرِ صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر مستوج کے علاوہ مذہبی ہم آہنگی کمیٹی اپر چترال کے معزز اراکین نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران ضلع اپر چترال میں مجموعی امن و امان کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور دونوں مسالک کے درمیان باہمی احترام، محبت، بھائی چارے اور رواداری کے فروغ پر سیر حاصل گفتگو کی گئی۔ شرکاء نے اس امر پر اطمینان کا اظہار کیا کہ اپر چترال میں دونوں مسالک کے درمیان قائم ہم آہنگی، برداشت اور باہمی احترام کا ماحول صوبے بھر کے لیے ایک مثالی نمونہ ہے۔
اجلاس میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ مذہبی ہم آہنگی، محبت اور بھائی چارے کے اس خوبصورت ماحول کو نہ صرف برقرار رکھا جائے گا بلکہ اسے مزید مضبوط اور مستحکم بنانے کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔
اجلاس میں متفقہ طور پر یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ سوشل میڈیا پر مذہبی منافرت پھیلانے، اشتعال انگیزی کرنے اور امن و امان کو سبوتاژ کرنے والے عناصر کے خلاف بلا امتیاز قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، کیونکہ ایسے منفی اقدامات علاقے میں پرامن طور پر رہنے والے دونوں مسالک کے درمیان دوریاں پیدا کر سکتے ہیں، جو امن و امان کے لیے ایک سنگین خطرہ ہیں۔
اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر محمد انور نے کہا کہ مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے ہر فرد کو اپنا مثبت، ذمہ دارانہ اور تعمیری کردار ادا کرنا ہوگا، اور اس دیرینہ اور خوبصورت روایت کو برقرار رکھنے کے لیے مسلسل اور مخلصانہ کوششیں ناگزیر ہیں۔
اجلاس کا اختتام باہمی محبت، اخوت، اتحاد اور خیرسگالی کے پُرخلوص جذبات کے اظہار کے ساتھ ہوا۔

