قومی حفاظتی ٹیکہ جات مہم کے انتظامات کا جائزہ اجلاس، چترال میں خسرہ اور روبیلا کے خلاف ویکسنینشن مہم کے سلسلے میں تمام انتظامات کو حتمی شکل دیدی گئی، ڈاکٹرفرمان نظار کی بریفنگ
چترال ( نمائندہ چترال ٹائمز ) 17 نومبر سے شروع ہونے والی قومی حفاظتی ٹیکہ جات مہم کی انتظامات کو حتمی شکل دینے کے حوالے سے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر لوئیر چترال عبد السلام کے زیرصدارت اجلاس منعقد ہوا ، جس میں اسسٹنٹ کمشنر ہیڈ کوارٹر ریاض احمد ، ڈی ایچ او ڈاکٹر شمیم ، ای پی آئی کوارڈنیٹر ڈاکٹر فرمان نظار کے علاوہ مختلف محکمہ جات کے سربراہ شریک ہوئے، ڈاکٹر فرمان نظار نے بریفینگ دیتے ہوئے بتایا کہ خسرہ کے خلاف ویکسینیشن کی قومی مہم 17 سے 29 نومبر 2025ء تک جاری رہے گی، جس کے لئے تما م انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔ اس مہم کا مقصد خسرہ اور روبیلا جیسے مہلک بیماری سے بچوں کو تحفظ فراہم کرنا ہے انھوں نے بتایا کہ مہم کے دوران لوئیر چترال میں چھ ماہ سے پانچ سال کے درمیان 48885بچوں کو ویکسین لگائی جائیگی، تاہم یہ مہم پولیو مہم کی طرح ڈور ٹو ڈور نہیں ہوگا بلکہ یہ ویکسین صحت کے مراکز یا گاوں میں قائم شدہ مقامات سے لگوائی جاسکتی ہے ، انہوں نے کہاکہ لویر چترال میں 65ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جوکہ گاؤں گاؤں جاکر بچوں کی ویکسنیشن کرے گی جبکہ 15ہسپتالو ں میں فکسڈ سنٹرز قائم کئے گئے ہیں۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ یہ مہم ہمارے بچوں کی صحت کے تحفظ، بیماریوں کے خاتمے اور ایک صحت مند و محفوظ معاشرے کی تعمیر کیلئے نہایت اہم ہے۔ والدین سے اپیل ہے کہ وہ محکمہ صحت کی ٹیموں سے بھرپور تعاون کریں اور اپنے تمام بچوں کی ویکسینیشن یقینی بنائیں ، انھوں نے سکولوں خصوصا پرائیویٹ تعلیمی ادروں کے ذمہ داروں پر زور دیا کہ وہ اس مہم کو کامیاب بنانے میں بھرپورتعاون کریں۔

