خیبر پختونخوا کے پبلک وپرائیویٹ میڈیکل و ڈینٹل کالجز میں داخلوں کے لیئے ٹیسٹ کا کامیاب انعقاد،
ٹیسٹ صوبے کے آٹھ اضلاع کے 43 سنٹرز میں منعقد ہوا جس میں لگ بھگ 40 ہزار طلباء نے شرکت کی
اگلے سال ایم ڈی کیٹ کو کمپیوٹرائزڈ بنانے کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں گے،وی سی کے ایم یو
پشاور (نمائندہ چترال ٹائمز) صوبائی حکومت اورخیبر میڈیکل یونیورسٹی (کے ایم یو) پشاور کی زیرِ نگرانی صوبہ خیبر پختونخوا کے سرکاری و نجی میڈیکل اور ڈینٹل کالجز میں داخلے کے لیے پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) کے تحت منعقدہ میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالجز ایڈمیشن ٹیسٹ (ایم ڈی کیٹ2025) کامیابی کے ساتھ مکمل ہو گیا۔ صوبے کے آٹھ اضلاع پشاور، مردان، سوات، دیر لوئر، کوہاٹ، ڈیرہ اسماعیل خان، ملاکنڈ اور ایبٹ آباد میں قائم 43 امتحانی مراکز میں مجموعی طور پر 39,986 امیدواروں نے امتحان میں شرکت کی، جن میں 20,266طلباء اور 19,720 طالبات شامل تھیں۔تفصیلات کے مطابق ایبٹ آباد ریجن کے تین امتحانی مراکز میں 4913،ڈی آئی خان 2381،دیر لوئر(تیمر گرہ)میں 537،ملاکنڈ کے تین ہالوں میں 1920،کوہاٹ کے تین مراکز میں 1786،مردان 6مراکز میں 5093، پشاور کے 17مراکز میں 18569، سوات کے 9 مراکز میں 4787 امیدواورں نے شرکت کی۔امتحانی ہالوں سے موصولہ رپورٹس کے مطابق ٹیسٹ نہایت پُر امن، شفاف اور منظم انداز میں منعقد ہوا۔
امتحان کے دورا ن ڈویژنل کمشنرز، ضلعی انتظامیہ، پولیس، ایف آئی اے، آئی بی، اسپیشل برانچ اور دیگر متعلقہ اداروں کے تعاون سے مکمل انتظامی اور سیکیورٹی پلان پر عمل درآمد کیا گیا۔والدین، طلباء و طالبات اور عوام الناس نے امتحانی انتظامات پر مکمل اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کے ایم یو کی کاوشوں کو سراہا اور شفاف و منصفانہ ٹیسٹ کے انعقاد کو ایک مثالی اقدام قرار دیا۔چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا شہاب علی شاہ نے سیکرٹری ہیلتھ شاہد اللہ،وائس چانسلرخیبر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ضیاء الحق اور ایف آئی اے کے اعلیٰ حکام کے ہمراہ پشاور میں قائم مختلف ٹیسٹ سنٹرز کا دورہ کیا اور امتحان کے کامیاب، شفاف اور پُرامن انعقاد پر تمام متعلقہ اداروں کے امتحانی اور انتظامی عملے کو مبارک باد پیش کی اور صوبائی حکومت و قانون نافذ کرنے والے اداروں بالخصوص ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہوم اینڈ ٹرائبل افیئرز عابد مجید کے تعاون اور مسلسل نگرانی پر شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے توقع ظاہر کی کہ کے ایم یو میرٹ اور شفافیت کے اصولوں پر قائم رہے گی۔ ایک سوال کے جواب میں وائس چانسلر کے ایم یو پروفیسر ڈاکٹر ضیاء الحق نے کہا کہ اگلے سال ایم ڈی کیٹ کو کمپیوٹرائزڈ بنانے کے لیئے یونیورسٹی کی سطح پرتمام ضروری اقدامات بروئے کار لائے جائیں گے۔واضح رہے کہ ایم ڈی کیٹ کا نتیجہ کے ایم یو کی آفیشل ویب پورٹل www.cas.kmu.edu.pkپر دستیاب ہوگا۔ شفافیت کے پیشِ نظر آفیشل آنسر کی (Answer Key) یونیورسٹی کی ویب سائٹ پر ٹیسٹ کی شام جاری کی جائے گی جس سے طلباء اپنے ابتدائی غیر مصدقہ نتائج خود بھی اخذ کرسکیں گے۔ اس کے علاوہ، نتائج کے اعلان کے تین (03) دن کے اندر امیدواروں کو اپنے نمبروں کی ری چیکنگ کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔


