عوامی مسائل کے حل کے حوالے سے مستوج میں کھلی کچہری کا انعقاد، کمانڈنٹ چترال سکاوٹس اور ڈپٹی کمشنر کی شرکت
مستوج ( نمائندہ چترال ٹائمز ) عوامی مسائل کے بروقت اور مؤثر حل کے لیے گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری اسکول مستوج میں ضلعی انتظامیہ اپر چترال اور 144 ونگ چترال سکاوٹس کے زیرِ اہتمام ایک مؤثر عوامی اجتماع (پبلک گیدرنگ) کا انعقاد کیا گیا، جس میں اعلیٰ سول و عسکری حکام نے شرکت کی۔
اس عوامی اجتماع میں ڈپٹی کمشنر اپر چترال محمد عمران خان، کمانڈنٹ چترال سکاوٹس کرنل ارسلان مجید، ونگ کمانڈر مستوج لیفٹیننٹ کرنل طاہر اسلام، افضل علی ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر مستوج اور ایس پی انویسٹیگیشن اپر چترال نے شرکت کی، جبکہ مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔
اجتماع کے دوران عوام نے اپنے علاقوں کو درپیش مسائل براہِ راست متعلقہ حکام کے سامنے پیش کیے۔ عوام کی جانب سے بالخصوص سڑکوں کی خستہ حالی، چترال۔ بونی۔ مستوج۔ شندور روڈ پر ترقیاتی کام کی بندش، پینے کے صاف پانی کی قلت، آبپاشی (ایریگیشن) سے متعلق مسائل اور دیگر اہم عوامی امور کی نشاندہی کی گئی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر اپر چترال محمد عمران خان نے عوام کو یقین دہانی کرائی کہ ضلعی انتظامیہ ایک مربوط حکمتِ عملی کے تحت تمام مسائل کے حل کے لیے بھرپور اقدامات کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مشکلات کا ازالہ ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور عوامی شکایات کو مکمل سنجیدگی کے ساتھ حل کیا جائے گا۔
کمانڈنٹ چترال سکاوٹس کرنل ارسلان مجید نے بھی عوام سے خطاب کرتے ہوئے یقین دلایا کہ چترال سکاوٹس ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر عوامی مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرتی رہے گی۔
عوامی اجتماع کے اختتام پر اہالیان علاقہ نے اس کھلی کچہری کے انعقاد، عوامی مسائل کو توجہ سے سننے اور ان کے حل کی یقین دہانی پر تمام معزز افسران کا شکریہ ادا کیا اور اس اقدام کو عوام اور انتظامیہ کے درمیان فاصلے کم کرنے کی ایک مثبت کوشش قرار دیا۔ بعد ازاں ڈپٹی کمشنر محمد عمران خان نے ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر مستوج افضل علی کے ہمراہ قساڈو پل مستوج کا معائنہ کیا جہاں پل کا ایک حصہ خستہ حالی کا شکار ہے جس کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے موقع پر متعلقہ حکام کو فوری طور پر پل کی مرمت اور دریا کی کٹائی سے اسے محفوظ رکھنے کیلئے بروقت اقدامات کی ہدایت دی۔


