The Voice of Chitral since 2004
Monday, 24 August 2026
Chitraltimes — The Voice of Chitral

ڈپٹی اسپیکر کا وعدہ وفا نہ ہوسکا، مستوج بروغل روڈ تحریک پھر متحرک، 15 ستمبر سے بروغل بارڈر پر دھرنے کا اعلان

Chitral Times

ڈپٹی اسپیکر کا وعدہ وفا نہ ہوسکا، مستوج بروغل روڈ تحریک پھر متحرک، 15 ستمبر سے بروغل بارڈر پر دھرنے کا اعلان

ڈپٹی اسپیکر کا وعدہ وفا نہ ہوسکا، مستوج بروغل روڈ تحریک پھر متحرک، 15 ستمبر سے بروغل بارڈر پر دھرنے کا اعلان

ڈپٹی اسپیکر کا وعدہ وفا نہ ہوسکا، مستوج بروغل روڈ تحریک پھر متحرک، 15 ستمبر سے بروغل بارڈر پر دھرنے کا اعلان

۔

مستوج (نمائندہ چترال ٹائمز) مستوج بروغل روڈ کی تعمیر کے مطالبے پر جاری تحریک نے ایک بار پھر شدت اختیار کرلی ہے۔ مقررہ وعدے کے مطابق 23 اگست کو روڈ کا افتتاح نہ ہونے پر یارخون ویلی اور مستوج کے عوام نے شدید غم و غصے اور تشویش کا اظہار کرتے ہوئے 15 ستمبر سے پاک افغان بارڈر بروغل کے قریب پُرامن دھرنا دینے کا اعلان کردیا۔

مستوج بروغل روڈ کی تعمیر کے سلسلے میں گزشتہ ماہ احتجاجی لانگ مارچ اپنے آخری مراحل میں تھا کہ مستوج کے مقام پر ڈپٹی اسپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی اور رکن صوبائی اسمبلی اپر چترال ثریا بی بی نے احتجاجی مظاہرین کو یقین دہانی کرائی تھی کہ 23 اگست کو مستوج کے مقام پر مستوج بروغل روڈ کا باقاعدہ افتتاح کیا جائے گا۔اور اس حوالے سے موقع پر باقاعدہ تحریری معاہدے پر دستخط کیئے گئے تھے۔

وعدے کی مقررہ مدت مکمل ہونے پر آج یارخون ویلی کے عوام اور علاقے کے عمائدین افتتاحی تقریب میں شرکت کے لیے مستوج پہنچے، تاہم نہ ڈپٹی اسپیکر ثریا بی بی وہاں موجود تھیں اور نہ ہی روڈ کے افتتاح کے حوالے سے کوئی تقریب منعقد ہوئی۔ اس صورتحال پر عوام نے شدید غم و غصے اور مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے اسے منتخب نمائندے کی جانب سے عوام کے ساتھ ایک اور وعدہ خلافی قرار دیا۔

اس حوالے سے مستوج میں تحریک مستوج بروغل روڈ کا ایک اہم اجلاس شہزادہ سکندر الملک کی زیرِ صدارت منعقد ہوا، جس میں علاقے کے عمائدین، تحریک کی کابینہ کے اراکین اور دیگر ذمہ داران نے شرکت کی۔

تحریک کے ترجمان محمد علی کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق اجلاس میں کہا گیا کہ 23 جولائی 2026 کو ڈپٹی اسپیکر ثریا بی بی نے مستوج بروغل روڈ کے ہزاروں مظاہرین کے سامنے تحریری معاہدہ کیا تھا کہ ایک ماہ بعد، یعنی 23 اگست کو روڈ کے تمام قانونی تقاضے مکمل کرکے اس کا باقاعدہ افتتاح کیا جائے گا، تاہم مقررہ تاریخ گزرنے کے باوجود اس وعدے پر عملدرآمد نہیں ہوسکا۔

اجلاس میں یہ بھی کہا گیا کہ اس سے قبل 25 ستمبر 2025 کو تحریک کے لانگ مارچ کے دوران بھی ڈپٹی اسپیکر ثریا بی بی بنگ کے مقام پر پہنچی تھیں اور علاقے کے عمائدین، تحریک کے سرپرستِ اعلیٰ اور کابینہ اراکین سے مذاکرات کرکے ایک ماہ کی مہلت لی تھی، تاہم تقریباً دس ماہ گزرنے کے باوجود عملی پیش رفت نہ ہونے پر عوام کو دوبارہ احتجاجی راستہ اختیار کرنا پڑا۔

اجلاس میں طویل مشاورت کے بعد متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ آج سے رابطہ مہم اور کارنر میٹنگز شروع کی جائیں گی، جبکہ 15 ستمبر سے پاک افغان بارڈر، بروغل کے قریب بھرپور اور پُرامن دھرنا دیا جائے گا۔ تحریک کے مطابق دھرنا وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی کی بروغل آمد اور مستوج بروغل روڈ پر عملی کام کے آغاز تک جاری رکھنے کا مطالبہ کیا جائے گا۔

تحریک کے ذمہ داران نے خبردار کیا کہ اگر دھرنے کے باوجود روڈ پر عملی کام شروع نہ کیا گیا اور وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا مظاہرین سے ملاقات کے لیے بروغل بارڈر نہ آئے تو احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا، جبکہ ضرورت پڑنے پر بھوک ہڑتال سمیت دیگر آئینی و پُرامن احتجاجی اقدامات بھی کیے جائیں گے۔

دوسری جانب ڈپٹی کمشنر اپر چترال محمد عمران خان نے چترال ٹائمز سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ مستوج بروغل روڈ پر جلد تعمیراتی کام شروع کیا جائے گا اور اس حوالے سے ڈپٹی اسپیکر ثریا بی بی مسلسل کوششیں کر رہی ہیں۔

ڈپٹی کمشنر کے مطابق آج روڈ کا افتتاح اس لیے نہیں ہوسکا کیونکہ منصوبے کے لیے بعض قانونی تقاضے تاحال مکمل نہیں ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ ڈپٹی اسپیکر اس سلسلے میں مختلف متعلقہ محکموں کے ذمہ داران سے رابطے میں ہیں اور ضروری اجلاس بھی کر رہی ہیں تاکہ تمام قانونی تقاضے جلد مکمل کیے جاسکیں۔

محمد عمران خان نے بتایا کہ قانونی تقاضے مکمل ہوتے ہی ڈپٹی اسپیکر کی جانب سے مستوج بروغل روڈ کے تعمیراتی کام کا افتتاح جلد کیا جائے گا۔

تحریک مستوج بروغل روڈ کا مؤقف ہے کہ بروغل اور یارخون ویلی کے عوام طویل عرصے سے بنیادی سفری، طبی اور دیگر سہولیات سے محروم ہیں، اس لیے حکومت کو عوام سے کیے گئے تحریری وعدے پر عملی پیش رفت یقینی بنانی چاہیے۔ تحریک نے واضح کیا کہ اب عوام مزید یقین دہانیوں کے بجائے روڈ پر عملی کام کا آغاز دیکھنا چاہتے ہیں۔

chitraltimnes mastuj broghil road meeting 1 chitraltimnes mastuj broghil road meeting 2

chitraltimnes mastuj broghil road meeting 3