مستوج سرکل میں کسانوں میں مفت فروٹ فلائی ٹریپس تقسیم، زرعی آگاہی سیشن بھی منعقد
.
اپر چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) محکمہ زراعت (توسیع) اپر چترال کے زیر اہتمام مستوج سرکل کے مختلف علاقوں میں کسانوں کے درمیان مفت فروٹ فلائی ٹریپس تقسیم کیے گئے۔ اس موقع پر ڈائریکٹر محکمہ زراعت اپر چترال ڈاکٹر یوسف علی، ڈپٹی ڈائریکٹر برہان الدین، ایگریکلچر آفیسر ذیشان احمد، سرکل انچارج شہباز اور دیگر فیلڈ اسٹاف بھی موجود تھے۔
اس سلسلے میں ایک آگاہی و تربیتی اجلاس بھی منعقد کیا گیا، جس میں کسانوں کو فروٹ فلائی ٹریپس کی افادیت، اہمیت اور درست استعمال کے طریقۂ کار سے متعلق عملی تربیت فراہم کی گئی۔ مقررین نے بتایا کہ فروٹ فلائی باغات اور پھلدار درختوں کے لیے نہایت نقصان دہ کیڑا ہے، جو پھلوں کے معیار اور پیداوار کو شدید متاثر کرتا ہے، جبکہ فروٹ فلائی ٹریپس اس کے تدارک کا ایک مؤثر، کم خرچ اور ماحول دوست طریقہ ہے۔
سبجیکٹ اسپیشلسٹ (پلانٹ پروٹیکشن) برہان الدین نے کسانوں کو مختلف نقصان دہ کیڑے مکوڑوں کی بروقت شناخت، ان کے نقصانات اور حفاظتی و تدارکی اقدامات کے حوالے سے تفصیلی آگاہی دی۔ انہوں نے کسانوں پر زور دیا کہ وہ مربوط انسدادِ کیڑا جات (Integrated Pest Management) کے اصول اپنائیں تاکہ زرعی پیداوار میں اضافہ اور ماحول کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ ڈائریکٹر محکمہ زراعت اپر چترال ڈاکٹر یوسف علی نے کہا کہ محکمہ زراعت کسانوں کی فلاح و بہبود اور زرعی ترقی کے لیے عملی اقدامات کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں اور بڑھتے ہوئے زرعی مسائل کے پیش نظر جدید زرعی ٹیکنالوجی اور ماحول دوست طریقۂ کاشت کو اپنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
انہوں نے کسانوں پر زور دیا کہ وہ جدید زرعی سفارشات پر عمل کرتے ہوئے فروٹ فلائی ٹریپس کا استعمال یقینی بنائیں تاکہ باغات کو نقصان دہ کیڑوں سے محفوظ بنا کر بہتر اور معیاری پیداوار حاصل کی جا سکے۔
پروگرام کے اختتام پر زمینداروں میں فروٹ فلائی ٹریپس بھی تقسیم کیے گئے۔

