چترال ؛ مدکلشٹ ویلی میں منعقدہ دو روزہ ونٹر سپورٹس فیسٹول اختتام پذیر، آئس اسکیٹنگ کے سنسنی خیز مقابلے
چترال ( نمائندہ چترال ٹائمز ) چترال کی برف پوش سیاحتی مقام مدکلشٹ میں ضلعی انتظامیہ کی تعاون سے عزمِ عالی شان سوسائٹی کے زیرِ اہتمام دو روزہ ونٹر اسپورٹس فیسٹیول جوش و خروش کے ساتھ اختتام پذیر ہو گیا۔ فیسٹیول میں مقامی نوجوانوں اور شائقینِ کھیل کی بڑی تعداد نے شرکت کی، جبکہ سیاحوں کی دلچسپی نے بھی ایونٹ کو چار چاند لگا دیے۔
فیسٹیول کے دوران اسکیئنگ اور آئس اسکیٹنگ کے سنسنی خیز مقابلے منعقد ہوئے، جن میں نوجوان کھلاڑیوں نے اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا۔ برف سے ڈھکی پہاڑی ڈھلوانوں پر ہونے والے مقابلوں نے حاضرین سے خوب داد وصول کی اور وادی میں کھیلوں کا خوبصورت منظر پیش کیا۔
فائنل مقابلوں کے مہمانانِ خصوصی ونگ کمانڈر 146 ونگ کرنل حسن عباس بن اصغر اور اسسٹنٹ کمشنر دروش بلال ناصر تھے۔ اس موقع پر دیگر سرکاری افسران، علاقہ عمائدین اور سیاحوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ مہمانانِ خصوصی نے کھلاڑیوں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے مثبت اور صحت مند سرگرمیاں نوجوان نسل کو منفی رجحانات سے دور رکھنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
تقریب کے اختتام پر کامیاب کھلاڑیوں میں ٹرافیاں، میڈلز اور انعامات تقسیم کیے گئے۔ مقررین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ آئندہ بھی مدکلاشٹ میں اس نوعیت کے کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد کیا جائے گا تاکہ علاقے میں سیاحت اور صحت مند سرگرمیوں کو فروغ دیا جا سکے۔
یہ فیسٹیول نہ صرف نوجوان کھلاڑیوں کے لیے اپنی صلاحیتیں دکھانے کا بہترین موقع ثابت ہوا بلکہ وادی مدکلاشٹ کے مثبت اور پرامن تشخص کو اجاگر کرنے کا ذریعہ بھی بنا۔


