لوئر چترال پولیس کی کامیاب کارروائی، سٹی بازار میں گاڑی سے قیمتی سامان چوری کرنے والا ملزم گرفتار، مسروقہ سامان برآمد
۔
چترال ( نمائندہ چترال ٹائمز ) ضلع لوئر چترال میں پولیس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے سٹی بازار میں چلتی گاڑی سے قیمتی سامان چوری کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق تھانہ سٹی چترال میں مسمی دولت بائی سکنہ ارکاری کی رپورٹ پر گاڑی سے بریف کیس چوری ہونے کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر رفعت اللہ خان کے احکامات پر ایس پی انویسٹی گیشن اقبال کریم نے ملزم کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دی۔
ایس ڈی پی او سرکل سٹی چترال سجاد حسین اور ایس ایچ او تھانہ سٹی چترال انسپکٹر علی احمد کی سربراہی میں تشکیل دی گئی ٹیم نے جدید سائنسی طریقہ کار اور سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے ملزم آدم خان سکنہ گرم چشمہ کو ٹریس کر لیا۔ بعد ازاں مختلف تھانوں اور چوکیوں کو الرٹ جاری کیا گیا۔
پولیس نے تھانہ لٹکوہ کی حدود میں اسٹیل پل پر ناکہ بندی کے دوران کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا اور اس کے قبضے سے مسروقہ بریف کیس بھی برآمد کر لیا۔
پولیس کے مطابق ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے جبکہ برآمد شدہ بریف کیس قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد اصل مالک کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ اور جرائم کے خاتمے کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی۔

