لوئر چترال پولیس کی سال 2025 کی کارکردگی رپورٹ جاری، 83.637 کلو گرام چرس، 582 لیٹر شراب، 2.609 کلو گرام افیون، 0.486 کلو گرام ہیروئن اور 2.846 کلو گرام آئس ضبط کی گئی
چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) لوئر چترال پولیس نے سال 2025 کے دوران منشیات فروشوں، جرائم پیشہ عناصر اور مفرور اشتہاری مجرمان کے خلاف مؤثر اور بھرپور کارروائیاں کرتے ہوئے ضلع میں امن و امان کے قیام کو یقینی بنانے کے لیے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق گزشتہ سال کے دوران مختلف کارروائیوں کے نتیجے میں بھاری مقدار میں منشیات اور غیر قانونی اسلحہ برآمد کیا گیا۔ ان کارروائیوں میں 83.637 کلو گرام چرس، 582 لیٹر شراب، 2.609 کلو گرام افیون، 0.486 کلو گرام ہیروئن اور 2.846 کلو گرام آئس ضبط کی گئی۔ اسی طرح جرائم پیشہ عناصر کے قبضے سے 4 عدد ایس ایم جی، 3 رائفلیں، 13 پستول، 9 شاٹ گنز اور 164 عدد کارتوس بھی برآمد کیے گئے۔
لوئر چترال پولیس نے منشیات فروشی اور دیگر سنگین جرائم میں ملوث افراد کے خلاف مجموعی طور پر 1,321 مقدمات درج کیے، جبکہ مختلف کارروائیوں کے دوران 25 اشتہاری مجرمان کو بھی گرفتار کیا گیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ، منشیات کے خاتمے اور جرائم کے سدباب کے لیے کارروائیاں بلا تفریق جاری رہیں گی، اور قانون شکن عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت مزید مؤثر اقدامات کیے جائیں گے۔

