لوئر چترال میں منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن، غیر قانونی اثاثے منجمد کرنے کا عمل شروع
۔
چترال (نمائندہ چترال ٹائمز ) لوئر چترال میں منشیات کے خاتمے اور منشیات فروشی میں مبینہ طور پر ملوث عناصر کے خلاف پولیس نے کارروائیاں مزید سخت کرتے ہوئے ان کے غیر قانونی اثاثے منجمد کرنے کا عمل شروع کر دیا ہے۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) لوئر چترال ریشم جہانگیر کے احکامات پر جاری کریک ڈاؤن کے تحت ضلع بھر میں نامزد منشیات فروشوں کے منقولہ و غیر منقولہ اثاثوں، گاڑیوں اور بینک اکاؤنٹس سے متعلق معلومات اکٹھی کی گئی ہیں۔ پولیس کے مطابق ان اثاثوں کو قانون کے مطابق منجمد کرنے کے لیے متعلقہ اداروں اور حکام سے خط و کتابت کا سلسلہ جاری ہے۔
ڈی پی او ریشم جہانگیر نے کہا کہ منشیات کے خاتمے کے لیے صرف منشیات فروشوں کی گرفتاری کافی نہیں بلکہ ان کی مبینہ غیر قانونی معاشی سرگرمیوں کا سدباب بھی ضروری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ منشیات فروشی ایک سنگین جرم ہے اور نوجوان نسل کو اس لعنت سے محفوظ رکھنے کے لیے قانون کے مطابق ہر ممکن اقدام کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ جو عناصر منشیات فروشی کے ذریعے غیر قانونی اثاثے بنانے میں ملوث پائے جائیں گے، ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور غیر قانونی طور پر حاصل کیے گئے اثاثوں کے حوالے سے بھی متعلقہ قوانین کے تحت اقدامات کیے جائیں گے۔
پولیس حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد منشیات فروشی میں ملوث عناصر کی معاشی طاقت کو محدود کرنا اور منشیات کے کاروبار کی حوصلہ شکنی کرنا ہے۔ عوامی و سماجی حلقوں نے منشیات کے خلاف کارروائیوں کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ اس مہم سے ضلع میں منشیات کے پھیلاؤ پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔
پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے علاقوں میں منشیات فروشی سے متعلق معلومات پولیس کو فراہم کریں تاکہ مبینہ ملزمان کے خلاف بروقت قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔