بلدیات نمائندگان کا لوکل گورنمنٹ کے لئے بجٹ مختص نہ ہونے پر صوبائی اسمبلی کے سامنے احتجاج کا اعلان
گرم چشمہ (نمائندہ چترال ٹائمز ) وادی لوٹ کوہ سے تعلق رکھنے والے تمام بلدیاتی نمائندوں کا ایک ہنگامی اجلاس آج گرم چشمہ میں منعقد ہوا جس میں بلدیاتی نظام کے ساتھ سوتیلی ماں کے سلوک پر اظہار افسوس کیا گیا۔ بلدیاتی ممبران کی نمائندگی کرتے ہوئے چیئرمین زیارت کونسل نواب خان نے کہا کہ عمران خان جس وژن کی بات کررہے تھے اس میں اقتدار اور ترقیاتی کاموں کے انتخاب کا اختیار نچلی سطح پر منتقل کرنے پر سارا زور دیا جارہا تھا۔ مگر گزشتہ تین سال صوبے میں ان کی پارٹی کی حکومت نے جس طرح بلدیاتی نظام کو برباد کرکے رکھ دیا ہے وہ مارشل لا کے ادوار میں بھی کبھی نہیں ہوا۔
انہوں نے کہا کہ چترال کے دونوں اضلاع کے بلدیاتی نمائندوں کا مشترکہ موقف ہے کہ اس سال ہمارے گزشتہ تین سال کا بجٹ ایک ساتھ ریلیز کیا جائے تاکہ ہم اپنے اپنے علاقوں میں بنیادی عوامی مسائل کو حل کرنے میں عوام کی مدد کرسکیں۔ تین سالوں کا بجٹ ریلیز نہ ہونے کی صورت میں ہم شدید احتجاج کریں گے۔ جس میں لواری ٹنل کے دونوں سائیڈز پر دھرنا اور ٹریفک جام کے بعد مطالبات منظو رنہ ہونے کی صورت میں صوبائی اسمبلی کے سامنے دھرنا اور احتجاجا اسمبلی اجلاس روکنا بھی شامل ہے۔
آج کی میٹنگ میں بلدیاتی نمائندوں کے علاوہ علاقے کے معتبرات نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی اور اس بات کا اعادہ کیا کہ بلدیاتی نمائندوں کی جانب سے پیش کردہ تمام مطالبات عوامی ہیں۔حکومت کو چاہئے ان مطالبات پر فوری عمل درآمد کرے۔ دوسری صورت میں بلدیاتی نمائندوں کی احتجاج میں عوام بھی بھرپور شرکت کرے گی۔


