ملک بھر میں لوڈشیڈنگ جاری؛ بجلی کا شارٹ فال 4 ہزار 820 میگاواٹ تک پہنچ گیا
.
اسلام آباد( نمائندہ چترال ٹائمز)ملک بھر میں لوڈشیڈنگ ختم ہونے کا نام نہیں لے رہی جب کہ بجلی کا شارٹ فال 4 ہزار 820 میگاواٹ تک پہنچ گیا ہے۔دستیاب معلومات کے مطابق ملک بھر میں بجلی کی مجموعی طلب 22 ہزار میگاواٹ ہے جب کہ بجلی کی پیداوار 17 ہزار 180 میگاواٹ تک محدود ہے جس کے باعث طلب اور رسد میں واضح فرق سامنے آ رہا ہے۔اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ پن بجلی ذرائع سے 4 ہزار 500 میگاواٹ بجلی پیدا ہو رہی ہے جبکہ تھرمل بجلی گھروں کی پیداوار 7 ہزار 900 میگاواٹ تک ہے۔ اس کے علاوہ سولر پاور پلانٹس 420 میگاواٹ بجلی پیدا کر رہے ہیں۔ ایٹمی بجلی گھروں کی پیداوار 2 ہزار 880 میگاواٹ ریکارڈ کی گئی ہے۔مزید برآں بیگاس سے 100 میگاواٹ بجلی پیدا ہو رہی ہے اور ونڈ پاور پلانٹس 1380 میگاواٹ بجلی پیدا کر رہے ہیں۔حکام کے مطابق بجلی کی طلب اور پیداوار میں واضح فرق کے باعث ملک بھر میں مجموعی طور پر 8 گھنٹے تک لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے۔
.
مراد سعید کی نشست پر 23 اپریل کو ہونے والا سینیٹ کا ضمنی انتخاب معطل
.
پشاور(سی ایم لنکس)الیکشن کمیشن نے 23 اپریل کو ہونے والے کے پی سینیٹ ضمنی انتخاب کو معطل کردیا۔خیبر پختونخوا میں سینیٹ کی خالی نشست پر ضمنی انتخابات کے حوالے سے چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے سماعت کی۔درخواست گزار کے وکیل نے موقف اپنایا کہ مراد سعید سینیٹ الیکشن میں منتخب ہوئے لیکن انہوں نے ابھی تک حلف نہیں لیا، جب ممبر نے حلف ہی نہیں لیا تو اس کی نشست خالی کیسے ہوسکتی ہے؟۔وکیل نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل 59 کے تحت حلف نہ لینے کے معاملے پر نشست کب تک خالی تصور ہو گی، اس پر آئین خاموش ہے، جس معاملے پر آئین خاموش ہے تو یہ آئینی خلا ہے، الیکشن کمیشن کیسے اس نشست پر انتخاب کرسکتا ہے۔ درخواست مسلم لیگ ن کے رکن صوبائی اسمبلی جلال خان کی جانب سے دائر کی گئی ہے۔الیکشن کمیشن نے 23 اپریل کا ضمنی انتخاب معطل کرتے ہوئے انتخاب میں حصہ لینے والے تمام امیدواروں اور سیاسی جماعتوں کو نوٹس جاری کردیے۔
