چترال: رومبور کی بہوک چراگاہ میں آسمانی بجلی گرنے سے نوجوان جاں بحق، دو زخمی، 20 سے زائد بکریاں ہلاک
.
چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) وادیِ رومبور کی بالائی اور دور افتادہ بہوک چراگاہ میں گزشتہ شب شدید بارش کے دوران آسمانی بجلی گرنے سے ایک افسوسناک حادثہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں ایک نوجوان چرواہا جاں بحق، دو افراد زخمی جبکہ 20 سے زائد بکریاں ہلاک ہوگئیں۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثہ گزشتہ رات تقریباً 10 بجے پیش آیا، جس میں 35 سالہ سفیر خان ولد سراسی خان موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔ جبکہ پرہائی نیس ولد کولے اور شیر دولہ ولد جان خان شدید زخمی ہوئے۔ دونوں زخمیوں کا تعلق اوچوغ گروم، وادیِ رومبور سے بتایا جاتا ہے۔
حادثے میں 20 سے زائد بکریاں بھی ہلاک ہوگئیں، جس سے مقامی چرواہوں کو بھاری مالی نقصان اٹھانا پڑا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122، چترال لیویز، چترال پولیس اور مقامی رضاکار امدادی کارروائی کے لیے روانہ ہوگئے۔ دشوار گزار پہاڑی راستوں کے باوجود امدادی ٹیمیں رات ہی کے وقت جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور مقامی افراد کے تعاون سے زخمیوں کو محفوظ مقام پر منتقل کیا۔
ریسکیو 1122 نے خصوصی فور بائے فور ایمبولینس کے ذریعے زخمیوں تک رسائی حاصل کی۔ دونوں زخمیوں کو پہلے رومبور سول ڈسپنسری میں ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی، جس کے بعد مزید علاج کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال چترال منتقل کر دیا گیا۔
ادھر امدادی اہلکاروں، لیویز، پولیس اور مقامی رضاکاروں نے مشترکہ کوششوں سے جاں بحق نوجوان چرواہے کی میت بھی بہوک چراگاہ سے گاؤں منتقل کی، جہاں اسے اہل خانہ کے حوالے کر دیا گیا۔ بعد ازاں مقامی روایات کے مطابق مرحوم کی تدفین عمل میں لائی گئی۔
واقعے کے بعد وادیِ رومبور میں سوگ کی فضا چھا گئی ہے۔ مقامی افراد نے مشکل موسمی حالات اور دشوار گزار راستوں کے باوجود بروقت امدادی کارروائیاں کرنے پر ریسکیو 1122، چترال لیویز، چترال پولیس اور مقامی رضاکاروں کی خدمات کو سراہا۔
مقامی عمائدین اور متاثرہ خاندانوں نے ضلعی انتظامیہ اور حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ جاں بحق شخص کے اہل خانہ کی مالی معاونت کی جائے اور آسمانی بجلی سے ہلاک ہونے والے مال مویشیوں کے نقصان کا بھی ازالہ کیا جائے۔
