ڈپٹی کمشنر اپر چترال کی جانب سے محکمہ سی اینڈ ڈبلیو کوناقص کارکردگی پر ’لیٹر آف ڈس پلیژر‘ جاری
چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) اہالیان اپر چترال، خصوصاً تورکہو کے عوام کی جانب سے محکمہ سی اینڈ ڈبلیو کے خلاف مختلف ترقیاتی منصوبوں، بالخصوص سوروحت پل اور متعدد تعلیمی اداروں میں ناقص اور ادھورے تعمیراتی کام کے حوالے سے شکایات موصول ہوئیں۔
ان شکایات کے تناظر میں ڈپٹی کمشنر اپر چترال نے ایگزیکٹو انجینئر سی اینڈ ڈبلیو کو ان منصوبوں کو معیار کے مطابق مکمل کرنے کے لیے باضابطہ خط بھیجا تھا، تاہم اس کے باوجود ایگزیکٹو انجینئر اور اُن کا تکنیکی عملہ اپنے فرائضِ منصبی مؤثر طور پر انجام دینے میں ناکام رہا۔
اس صورتحال پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر اپر چترال نے ایگزیکٹو انجینئر سمیت متعلقہ اہلکاروں کو “Letter of Displeasure” جاری کیا ہے۔
مزید برآں، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ اور اسسٹنٹ کمشنر ہیڈکوارٹر اپر چترال کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سات روز کے اندر موقع پر جا کر ان کاموں کا ملاحظہ اور تفصیلی رپورٹ جمع کریں۔



