The Voice of Chitral since 2004
Wednesday, 2 September 2026
Chitraltimes — The Voice of Chitral

لاسپور کے عوام کا ٹیلی نار اور این ایچ اے کو ایک ہفتے کا الٹی میٹم، شاہراہِ شندور بند کرنے کی وارننگ

Chitral Times

لاسپور کے عوام کا ٹیلی نار اور این ایچ اے کو ایک ہفتے کا الٹی میٹم، شاہراہِ شندور بند کرنے کی وارننگ

لاسپور کے عوام کا ٹیلی نار اور این ایچ اے کو ایک ہفتے کا الٹی میٹم، شاہراہِ شندور بند کرنے کی وارننگ

لاسپور کے عوام کا ٹیلی نار اور این ایچ اے کو ایک ہفتے کا الٹی میٹم، شاہراہِ شندور بند کرنے کی وارننگ

.

لاسپور (نمائندہ چترال ٹائمز) لاسپور کے علاقے ہرچین میں سہروردی خان یفتالی کی قیادت میں ایک عوامی جلسہ منعقد ہوا، جس میں ٹیلی نار کی مبینہ ناقص موبائل سروس اور نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) کی جانب سے شاہراہِ شندور کی تعمیر کے دوران عوامی و زرعی زمینوں کو پہنچنے والے مبینہ نقصانات کے حوالے سے شدید تحفظات کا اظہار کیا گیا۔

جلسے کے شرکاء اور مقررین نے کہا کہ ہرچین اور دیگر علاقوں میں شاہراہِ شندور کی تعمیر کے دوران مختلف مقامات پر کھدائی کے باعث راستوں اور زرعی زمینوں کو نقصان پہنچا ہے، جبکہ متاثرہ زمین مالکان کو تاحال معاوضوں کی ادائیگی نہیں کی گئی۔ ان کے مطابق رواں سال کمشائے، لشٹ، ہرچین اور دیگر علاقوں میں متعدد زرعی زمینیں متاثر ہوئی ہیں۔

مقررین نے ٹیلی نار کی موبائل سروس پر بھی شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ علاقے میں نصب ٹاور کے باوجود صارفین کو قابلِ اعتماد موبائل اور فورجی سروس میسر نہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اگر موجودہ ٹاور سے مطلوبہ سروس فراہم نہیں کی جا سکتی تو اسے ہٹا کر علاقے میں مؤثر مواصلاتی نظام یقینی بنایا جائے۔

جلسے میں رامان لاسپور، گشٹ، بالیم، بروک، پھورت، ہرچین اور سور لاسپور کے عوام کی جانب سے متعلقہ اداروں کو ایک ہفتے کی مہلت دینے کا اعلان کیا گیا۔ شرکاء نے مطالبہ کیا کہ اس مدت کے اندر شاہراہِ شندور سے متعلق عوامی مسائل، متاثرہ زمینوں کے معاوضوں اور موبائل سروس کی بحالی کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔

شرکاء نے خبردار کیا کہ مطالبات پر پیش رفت نہ ہونے کی صورت میں وہ احتجاج کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے شاہراہِ شندور کو مکمل طور پر بند کرنے کا فیصلہ کر سکتے ہیں۔

عوامی حلقوں نے کہا کہ وہ اپنے بنیادی مسائل کے حل کے لیے پُرامن اور قانونی احتجاج کا حق محفوظ رکھتے ہیں، جبکہ کسی بھی آئندہ احتجاج یا شاہراہ کی ممکنہ بندش کی ذمہ داری متعلقہ اداروں اور حکام پر عائد ہوگی۔

مقامی عمائدین نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ صورتحال کو احتجاج کی شدت اختیار کرنے سے قبل سنجیدگی سے لیا جائے اور عوامی شکایات کے ازالے کے لیے فوری طور پر متعلقہ اداروں کے ذمہ داران کو علاقے میں بھیجا جائے۔

chitraltimes laspur protest against telenor and nha 2