لوئر چترال میں بھاری مقدار میں منشیات اور دیسی شراب نذرِ آتش، 123 کلوگرام چرس سمیت مختلف اقسام کی منشیات تلف
.
چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) لوئر چترال پولیس نے مختلف مقدمات کے دوران برآمد کی گئی بھاری مقدار میں منشیات اور دیسی شراب عدالتی حکام کی موجودگی میں نذرِ آتش کرکے تلف کر دی۔ تلف کی جانے والی منشیات میں 123 کلوگرام چرس، 800 گرام آئس، 700 گرام افیون، 1200 گرام ہیروئن جبکہ 153 لیٹر دیسی شراب شامل تھی۔
تفصیلات کے مطابق لوئر چترال کے مختلف تھانوں میں گزشتہ ایک سال کے دوران منشیات کے خلاف درج مقدمات میں برآمد ہونے والی منشیات کو ایک کھلی جگہ پر عدالتی حکام کی نگرانی میں تلف کیا گیا۔
اس موقع پر سینئر سول جج (ایڈمن) سید فرقان مشوانی، ڈی ایس پی انویسٹی گیشن حضرت الدین اور ڈی ایس پی لیگل شیر محسن الملک موجود تھے۔ ان کی موجودگی میں مختلف مقدمات میں بطور مالِ مقدمہ تحویل میں لی گئی منشیات اور شراب کو آگ لگا کر تلف کیا گیا۔
پولیس کے مطابق اس کارروائی کا مقصد مختلف مقدمات میں برآمد ہونے والی منشیات کو قانونی تقاضوں کے مطابق تلف کرنا اور اس بات کو یقینی بنانا تھا کہ یہ ممنوعہ اشیاء دوبارہ کسی غیر قانونی سرگرمی میں استعمال نہ ہو سکیں۔
لوئر چترال پولیس کی جانب سے منشیات کے کاروبار، خرید و فروخت اور ترسیل کے خلاف کارروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا گیا ہے، جبکہ عوام سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ منشیات کے خاتمے اور نوجوان نسل کو اس لعنت سے محفوظ رکھنے کے لیے پولیس کے ساتھ تعاون کریں۔
