اپر چترال کے علاقے تورکھو ورکوپ میں بارش کے بعد پہاڑی تودہ گرنے سے متعدد گھروں کو جزوی نقصان، پھلدار درخت اور مویشی خانے بھی متاثر
۔
اپر چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) اپر چترال کے علاقے تورکھو ورکوپ میں گزشتہ دن بارش کے بعد پہاڑی تودہ گرنے سے متعدد گھروں کو جزوی نقصان پہنچا ہے، جبکہ بڑے بڑے پتھر آبادی کی جانب آنے سے پھلدار درخت اور مویشی خانے بھی متاثر ہوئے ہیں۔ خوش قسمتی سے واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
مقامی ذرائع کے مطابق علاقے میں بارش کے بعد پہاڑی تودہ آبادی کی جانب آگرا، جس کے نتیجے میں کئی گھروں کو نقصان پہنچا اور مکینوں کو شدید تشویش کا سامنا کرنا پڑا۔ پہاڑی سے آنے والے بڑے بڑے پتھروں نے پھلدار درختوں اور مویشیوں کے لیے بنائے گئے باڑوں کو بھی متاثر کیا۔
واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پایا جاتا ہے، جبکہ متاثرہ خاندانوں کو مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ بارشوں کے دوران پہاڑی تودے گرنے کے خدشات بدستور موجود رہتے ہیں، جس سے آبادی اور املاک کو خطرات لاحق ہیں۔
علاقے کے عوام نے ضلعی انتظامیہ اپر چترال، صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) اور نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) سے مطالبہ کیا ہے کہ متاثرہ علاقے کا فوری سروے کیا جائے، نقصانات کا تخمینہ لگایا جائے اور متاثرہ خاندانوں کو ہنگامی بنیادوں پر امداد فراہم کی جائے، تاکہ انہیں درپیش مشکلات کا ازالہ ممکن ہو سکے۔
