خیبرپختونخوا محکمہ سیاحت نے غیر ملکی سیاحوں کے لیے آن لائن این او سی سسٹم متعارف کروا دیا
پشاور (نمائندہ چترال ٹائمز) محکمہ سیاحت خیبرپختونخوا نے وزیراعلٰی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور اور مشیر سیاحت زاہد چن زیب کی ہدایت پر صوبے کی سیر پر آنے والے غیر ملکی سیاحوں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے ڈیجیٹل پورٹل کے ذریعے آن لائن این او سی کا نظام متعارف کروا دیا ہے۔ یہ بات ڈاکٹر عبدالصمد، سیکرٹری سیاحت، ثقافت، آثار قدیمہ اور عجائب گھر، خیبر پختونخوا نے صوبے کے مختلف علاقوں کو آنے والے سیاحوں کی حفاظت و سہولیات کے حوالے سے ایک اجلاس سے خطاب کے دوران کہا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی نے غیر ملکی سیاحوں کے رجسٹریشن کے لیے آن لائن پورٹل شروع کیا ہے تاکہ ٹورسٹ ویزہ رکھنے والے بین الاقوامی زائرین کا رجسٹریشن آسان اور محفوظ ہو سکے۔ جلد ہی یہ سہولت غیر ملکی کوہ پیماوں اور ٹریکرز کے لیے بھی دستیاب کردی جائیگی۔
ڈاکٹر عبدالصمد نے کہا کہ یہ ڈیجیٹل پلیٹ فارم غیر ملکی سیاحوں کے رجسٹریشن کے عمل کو آسان بنانے کے لیے بنایا گیا ہے، تاکہ وہ خیبر پختونخوا کے دلکش سیاحتی مقامات تک بلا رکاوٹ رسائی حاصل کر سکیں۔ ٹیکنالوجی کو اپنا کر یہ اقدام سیاحوں کی سہولت کو بڑھاتا ہے جبکہ متعلقہ سیکورٹی اور سیاحت کے اداروں کے ساتھ موثر رابطہ کاری کو یقینی بناتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ ڈیش بورڈ خیبرپختونخوا کے پائیدار اور محفوظ سیاحت کو فروغ دینے کے عزم کی ایک بڑی پیش رفت ہے، جس کے ذریعے صوبے کی ثقافتی ورثہ، دلکش مناظر اور بے مثال مہمان نوازی کو اجاگر کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ منظور شدہ ٹریول گائیڈ فرمز، ٹرانسپورٹرز اور دیگر سہولت فراہم کرنے والوں کی فہرست بھی اسی پورٹل پر اپ لوڈ کی جائے گی تاکہ سیاحوں کو اعتماد حاصل ہو۔
یہ ڈیجیٹل نظام بالائی دیر، چترال، سوات اور دیگر شمالی علاقوں میں سفر کے لیے ضروری اجازت ناموں (این او سی) کے حصول کے عمل کو آسان بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔
غیر ملکی سیاح براہ راست پورٹل کے ذریعے این او سی کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔ درخواست دہندگان اپنی این او سی درخواست کی حیثیت بھی چیک کر سکتے ہیں۔ پاسپورٹ کی کاپیاں، ویزہ کی تفصیلات اور سفر کے پروگرام ڈیجیٹلی جمع کرائے جا سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ محکمہ سیاحت، خیبرپختونخوا وزیراعلٰی خیبرپختونخوا اور مشیر سیاحت خیبرپختونخوا کی خصوصی ہدایات پر صوبے میں سیاحت کو فروغ دینے اور اسے ترقی دینے کے لیے پرعزم ہے، تاکہ سیاحوں کے لیے ایک محفوظ اور یادگار تجربہ یقینی بنایا جا سکے جبکہ اس کے قدرتی اور ثقافتی ورثے کو محفوظ رکھا جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ پورٹل دستی کاغذی کارروائی اور تاخیر کو کم کرتا ہے اور حکام درخواستوں کی موثر طور پر تصدیق کرتے ہیں۔ سیاح ایپ کو ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں (گوگل پلے اسٹور یا کے پی ٹورازم کی سرکاری ویب سائٹ پر دستیاب)۔ خیبر پختونخوا کے کچھ علاقوں میں سیکورٹی کے ضوابط کی وجہ سے خصوصی اجازت کی ضرورت ہوتی ہے۔ این او سی سیاحوں کی حفاظت اور مقامی قوانین کی پابندی کو یقینی بناتا ہے۔

