خیبرپختونخوا حکومت نے سیلاب متاثرین کیلئے اب تک 8 ارب روپے جاری کر دئیے ہیں۔گزشتہ روز سیلاب سے متاثرہ علاقوں کیلئے 1.5 ارب جاری کیے گئے۔ مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم
پشاور (نمائندہ چترال ٹائمز) مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا حکومت نے سیلاب متاثرین کیلئے اب تک 8 ارب روپے جاری کر دئیے ہیں اور گزشتہ روز یکم ستمبر 2025 کو بھی سیلاب سے متاثرہ علاقوں کیلئے 1.5 ارب جاری کیے گئے۔ مزمل اسلم نے کہا کہ ایک ارب فوڈ اسٹامپ کی مد میں جاری کیے گئے ہیں اور سیلاب کے تمام متاثرین کو 15 ہزار روپے خشک راشن کی مد میں جاری کیے گئے ہیں۔ مزمل اسلم نے کہا کہ 50 کروڑ روپے ضم اضلاع کے فلڈ ریلیف کی مد میں جاری کیے گئے ہیں اور محکمہ سی اینڈ ڈبلیو کو 1.56 ارب روپے روڈز کلیئر کرنے ا ور مرمت کیلئے دئیے ہیں۔ اسی طرح ٹی ایم ایز کیلئے 61 ملین روپے مالی امداد فراہم کی گئی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا کی زیر صدارت گڈ گورننس روڈ میپ پیشرفت پر جائزہ اجلاس
پشاور (نمائندہ چترال ٹائمز) چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا شہاب علی شاہ کی زیرِ صدارت گڈ گورننس روڈ میپ پیشرفت پر جائزہ اجلاس منگل کے روز چیف سیکرٹری کے دفتر پشاور میں منعقد ہوا جس میں صحت کی سہولیات میں بہتری کی غرض سے ہسپتالوں کی آوٹ سورسنگ کے طریقہ کار اور فنڈنگ میکنزم کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اجلاس میں سیکرٹری صحت، سیکرٹری خزانہ، اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ ہسپتالوں کی آؤٹ سورسنگ پر کام شروع کردیا گیا ہے۔ اجلاس میں کمزور کارکردگی والے ہسپتالوں اور صحت دیگر سہولیات کی آوٹ سورسنگ کے طریقہ کار اور بہتری کے لئے تجاویز زیر غور آئیں۔ اس مقصد کیلئے کمزور کارکردگی والے ہسپتالوں اور صحت کی دیگر سہولیات کی لسٹنگ مکمل کرلی گئی ہے۔ چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ نے کہا کہ ہسپتالوں کی آوٹ سورسنگ کا مقصد عوام کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنا ہے۔ صحت کے حوالے سے سہولیات کی فراہمی اور سروس ڈیلیوری اوّلین ترجیحات میں شامل ہے جس میں بہتری کیلئے مختلف اہداف رکھے گئے ہیں۔اس کے علاوہ اجلاس کو بتایا گیا کہ گڈ گورننس روڈ میپ کے اہداف پر عملدرآمد کی ٹریکنگ کیلئے ڈیجیٹل ڈیش بورڈ کا اجراء کیا جاچکا ہے۔ چیف سیکرٹری کا کہنا تھا کہ گڈ گورننس روڈ میپ اہداف کی بروقت تکمیل کے لئے تمام ادارے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔
