حکومت خیبر پختونخوا نے سوات سیلابی ریلے کے دوران رونما ہونے والے حادثے کی انکوائری کے لیے کمیٹی قائم کر دی ، سانحہ کے تناظر میں چار آفیسرز معطل کردیئے گئے
پشاور (نمائندہ چترال ٹائمز)حکومت خیبر پختونخوا نے ضلع سوات میں 27 جون 2025 کو سیلابی صورتحال کے دوران پیش آنے والے المناک واقعے،جس میں قیمتی انسانی جانوں، جن میں متعدد سیاح بھی شامل تھے، کا ضیاع ہوا کی تحقیقات کے لیے ایک اعلیٰ سطحی انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ایڈمنسٹریشن و اسٹیبلشمنٹ ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق یہ کمیٹی وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کی ہدایات پر چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا نے تشکیل دی ہے۔اس کمیٹی کا مقصد واقعے کے حقائق جاننا اور کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی کا جائزہ لینا ہے۔انکوائری کمیٹی کی سربراہی صوبائی انسپکشن ٹیم کے چیئرمین خیام حسن کریں گے، جب کہ دیگر ارکان میں محمد عثمان (پی اے ایس، گریڈ 19)، انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات خیبر پختونخوا، اور شہریار قمر (پی اے ایس، گریڈ 18) محکمہ ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول شامل ہیں۔کمیٹی کے ٹی او آرز کے مطابق، یہ ایک شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کرے گی اور اس سانحے کے اسباب کا تعین کرے گی۔ کمیٹی یہ بھی دیکھے گی کہ کہیں حکومتی اداروں یا سیاحوں کی جانب سے احتیاطی تدابیر یا حفاظتی ہدایات پر عمل درآمد میں کوتاہی تو نہیں ہوئی۔ وہ افراد یا ادارے جو کسی بھی قسم کی غفلت کے مرتکب پائے گئے، ان کی نشاندہی کی جائے گی اور آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے تجاویز بھی پیش کی جائیں گی۔مزید برآں، کمیٹی سیاحوں کی حفاظت اور سیلابی خطرات سے متعلق پہلے سے جاری کردہ ہدایات اور وارننگز کا بھی جائزہ لے گی۔کمیٹی کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی رپورٹ سات دن کے اندر اندر پیش کرے۔
خیبر پختونخوا حکومت نے سوات سیلابی سانحہ کے تناظر میں چار آفیسرز معطل کردئیے۔
پشاور (نمائندہ چترال ٹائمز)ضلع سوات میں حالیہ ہولناک سیلابی ریلے کے دوران پیش آئے سانحہ کے بعد خیبر پختونخوا حکومت نے تادیبی کارروائی کرتے ہوئے چار افسران کو فوری طور پر معطل کر دیا ہے۔اسٹیبلشمنٹ ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری کردہ سرکاری اعلامیہ کے مطابق تین آفیسرز کو خیبر پختونخوا گورنمنٹ سرونٹس (ایفیشنسی اینڈ ڈسپلن) رولز 2011 کے قاعدہ 6 کے تحت معطل کیا گیا ہے۔ معطل کیے گئے افسران میں احسان الحق (پی ایم ایس، گریڈ 18)، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریلیف و ہیومن ریسورس) سوات؛ ڈاکٹر ندا اقبال (پی اے ایس، گریڈ 17)، اسسٹنٹ کمشنر بابوزئی؛ اور محمد عامر خان (پی ایم ایس، گریڈ 17)، اسسٹنٹ کمشنر خوازہ خیلہ شامل ہیں۔ایک اور اعلامیہ میں ریلیف، بحالی و آبادکاری محکمہ نے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر (ریسکیو 1122) سوات، سعد خان کو بھی فوری طور پر معطل کر کے محکمانہ ہیڈکوارٹر رپورٹ کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔