حکومت خیبرپختونخوا نے رواں سال 63میگاواٹ کے 3پن بجلی منصوبے مکمل کئے
سوات کوریڈورسے 40کلومیٹر ٹرانسمیشن لائن سے صنعتوں کوسستی بجلی فروخت کی جائے گی
جاری منصوبوں کی بروقت تکمیل انتہائی اہم،تاخیرناقابل برداشت ہے،سیکرٹری توانائی نثاراحمد
پشاور ( نمائندہ چترال ٹائمز ) خیبرپختونخواحکومت اپنے وسائل سے توانائی کے جاری منصوبوں پرتیزی سے کام کررہی ہے رواں سال پن بجلی کے 3اہم منصوبے کامیابی کے ساتھ مکمل کرلئے گئے ہیں جن سے مجموعی طورپر 63میگاواٹ بجلی کی پیداوارشروع ہوچکی ہے۔ان منصوبوں کی تکمیل سے صوبے کوسالانہ 4.4ارب روپے کی آمدن ہوگی۔سوات کوریڈورپر40کلومیٹرطویل ٹرانسمیشن لائن بچھانے پربھی کام تیز کردیا گیا ہے جوآئندہ سال مکمل کرلیا جائے گاجن کی تکمیل سے صوبے کے صنعتی شعبے کو سستی بجلی فروخت کی جائے گی۔ان خیالات کا اظہارسیکرٹری توانائی وبرقیات نثاراحمد نے پیڈوہاؤس میں پن بجلی کے جاری7 اہم منصوبوں پر ہونے والی پیش رفت کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔
اجلاس میں چیف ایگزیکٹو پیڈوحبیب اللہ شاہ نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایاکہ رواں سال 63میگاواٹ کے تین اہم پن بجلی منصوبے 40.8میگاواٹ کوٹودیر،11.8میگاواٹ کروڑہ شانگلہ اور10.2میگاواٹ جبوڑی مانسہرہ کامیابی کے ساتھ مکمل کرلئے گئے ہیں۔اسی طرح300میگاواٹ بالاکوٹ مانسہرہ،157میگاواٹ مدین سوات،88میگاواٹ گبرال کالام،84میگاواٹ مٹلتان سوات،69میگاواٹ لاوی چترال اور6.9میگاواٹ مجاہدین پاورپراجیکٹ تورغرپرہونے والی پیشرفت کے بارے میں آگاہ کیا۔ سیکرٹری توانائی نے ضلع سوات میں توانائی کے جاری 3فلیگ شپ منصوبوں پرکام کی سست روی پرسخت برہمی کا اظہار کیا ان منصوبوں سے 330میگاواٹ بجلی کی پیداوار آئندہ2سالوں میں شروع ہونے کی ڈیڈلائن مقررکی گئی ہے۔انہوں نے متعلقہ پراجیکٹ ڈائریکٹرزکوخبردارکیاکہ منصوبے مقررہ ڈیڈلائن کے اندرمکمل کریں بصورت دیگراب کسی بھی قسم کی تاخیرناقابل برداشت ہوگی۔
انہوں نے پیڈوافسران کوتمام امورٹیم ورک کے تحت نمٹانے پر زوردیا کیونکہ محکمہ توانائی موجودہ صوبائی حکو مت کے گڈگورننس روڈ میپ کے تحت گین چارٹ کے ذریعے تمام جاری منصوبوں کی روزانہ کی بنیاد پر فزیکل پراگریس مانیٹر کررہا ہے۔ اس موقع پر سیکرٹری توانائی نے مٹلتان سے مدین تک 40 کلو میٹر طویل 132/220 کے وی ٹرانسمشن لائن منصوبے کوآنے والے دنوں میں انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے منصوبے کو آئندہ سال ٹائم فریم میں ہرصورت مکمل کرنے پر زوردیا اور صوبے کے سب سے بڑے منصوبے 300میگاواٹ بالاکوٹ پر بھی نوتعینات متعلقہ پراجیکٹ ڈائریکٹر کوکام مزید تیز کرنے کی ہدایات جاری کیں۔اجلاس میں سیکرٹری توانائی نے پیڈوکے انتظامی امورکومزیدشفاف بنانے کے لئے ضروری ہدایات بھی جاری کیں۔
