خیبرپختونخوا حکومت نے مستوج بروغل بائی پاس روڈ منصوبہ کی فیزبلٹی اسٹیڈی اورڈیزائن کی منطوری دیدی
پشاور ( نمائندہ چترال ٹائمز ) خیبرپختونخوا پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ نے ضلع چترال اپر کے اہم ترقیاتی منصوبے “F/S and Design of Mastuj Borighil Bypass Road (153 Km)” کی منظوری دے دی ہے۔ منصوبے کی لاگت 150 ملین روپے مقرر کی گئی ہے۔
ڈپٹی اسپیکر کی طرف سے جاری پریس ریلیز کے مطابق اس منصوبے کے حوالے سے ڈپٹی اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی ثریا بی بی نے مستوج بروغل روڈ کے عمائدین کے ہمراہ سابق وزیر اعلیٰ علی امین خان گنڈاپور سے ملاقات کی تھی ۔ علی امین گنڈا پور نے یہ منصوبہ شروع کرنے کا وعدہ کیا تھا۔
اس سلسلے میں ڈپٹی اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی ثریا بی بی نو منتخب وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل خان آفریدی سے بھی جلد ملاقات کریں گے اور منصوبے کی نوعیت اور افادیت سے آگاہ کریں گے ۔
یہ منظوری محکمہ پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ کی چوتھی پی ڈی ڈبلیو پی (PDWP) میٹنگ میں دی گئی، جو یکم اکتوبر 2025 کو ایڈیشنل چیف سیکرٹری کی زیرِ صدارت منعقد ہوئی۔ اجلاس کی تفصیلات 20 اکتوبر 2025 کو باضابطہ طور پر متعلقہ محکموں کو ارسال کی گئیں۔
منصوبے کا مقصد ضلع چترال اپر کے دور افتادہ علاقوں میں بہتر سفری و تجارتی سہولیات فراہم کرنا اور سڑکوں کے نظام کو بین الصوبائی معیار کے مطابق اپ گریڈ کرنا ہے۔ منصوبے کے تحت جدید تقاضوں کے مطابق سڑک کے ڈیزائن اور فزیبلٹی اسٹڈی پر کام کیا جائے گا تاکہ علاقے کے عوام کو موسمی حالات سے متاثر نہ ہونے والی شاہراہ فراہم کی جا سکے۔
اجلاس میں چیئرمین نے C&W ڈیپارٹمنٹ کو ہدایت کی کہ منصوبوں کے ڈیزائن کے دوران کنسلٹنٹس کی نگرانی میں محتاط کردار ادا کیا جائے تاکہ آئندہ کسی بھی ناقص ڈیزائن سے بچا جا سکے۔
واضح رہے کہ اس منصوبے کے لیے ADP نمبر 1307/250331 (2025-26) کے تحت 80 ملین روپے مختص کیے گئے ہیں جبکہ 30 ملین روپے مالی سال 2025-26 میں جاری کیے جائیں گے۔

