خیبرپختونخوا حکومت کیش فنڈز پر ایک دفعہ پھر 2 لاکھ 25 ہزار ٹن گندم براہ راست زمینداروں سے خریدنے جا رہی ہے۔ مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم
.
پختونخوا حکومت اپنے تمام سرکاری گودام 100 فیصد گندم سے بھرے گی تاکہ آف سیزن میں گندم بروقت خیبرپختونخوا کے رہائشیوں کو دستیاب ہوسکے۔ مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم*
.
پشاور (نمائندہ چترال ٹائمز) وزیراعلی خیبرپختونخواکے مشیر برائے خزانہ مزمل اسلم نے صوبائی حکومت کی جانب سے کیش فنڈز پر گندم خریدنے سے متعلق اہم بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا حکومت ایک دفعہ پھر دو لاکھ پچیس ہزار ٹن گندم براہ راست زمینداروں سے خریدنے جارہی ہے اور یہی گندم خریداری صوبائی حکومت کیش فنڈز پر اپنے وسائل سے کرے گی۔ مزمل اسلم نے کہا ہے کہ زمینداروں کو گندم کی قیمت 24 گھنٹے کے اندر مال سپلائی کے بعد کی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم نے گزشتہ روز اپنے دفتر سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کیا۔ مزمل اسلم نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت اپنے تمام سرکاری گودام 100 فیصد گندم سے بھرے گی تاکہ آف سیزن میں گندم بروقت خیبرپختونخوا کے رہائشیوں کو دستیاب ہوسکے جس سے قیمت میں استحکام اور صارف کو سستی گندم اور آٹا دستیاب ہوگا۔ مشیر خزانہ خیبرپختونخوا نے کہا کہ رواں سال رمضان سے پہلے خیبرپختونخوا حکومت کے بروقت اقدامات سے گندم کے نرخ 13500 روپے سے کم ہو کر 9000 روپے پر آگئے تھے جس سے نہ صرف خیبرپختونخوا میں بلکہ دیگر صوبوں میں بھی گندم اور آٹے کے نرخ کم ہو گئے تھے۔ خیبرپختونخوا حکومت نے گندم ریلیز ایک ایسے موقع پر کی جس وقت پورے ملک میں گندم اور آٹے کی قیمتیں اوپر جا رہی تھیں اور پنجاب حکومت نے غیر قانونی طور پر آٹے اور گندم کی سپلائی بھی روک دی تھی۔
