خیبر پختونخوا کے 331 سرکاری سکولوں کو گلوبل ورچوئل سکول سے منسلک کرنے کا فیصلہ
۔
پشاور(نمائندہ چترال ٹائمز ) وزیر برائے ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن خیبر پختونخوا ارشد ایوب خان کی ہدایت پر سرکاری سکولوں میں اساتذہ کی کمی کو پورا کرنے کے لیے اہم فیصلہ کیا گیا ہے جس کے تحت محکمہ تعلیم خیبر پختونخوا نے صوبے کے 331 سرکاری سکولوں کو گلوبل ورچوئل سکول (GVS) کے ساتھ رجسٹر کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔اس اقدام کے تحت سائنس، ریاضی، انگلش اور آئی ٹی / کمپیوٹر سائنس کے اساتذہ کی کمی کو گلوبل ورچوئل سکول پلیٹ فارم کے ذریعے پورا کیا جائے گا۔جی وی ایس کے ذریعے ان 331 سکولوں کے طلباء و طالبات کو قابل اور ماہر اساتذہ سے معیاری آن لائن تعلیم فراہم کی جائے گی، جس سے ان کی تعلیم میں تسلسل اور بہتری کو یقینی بنایا جا سکے گا۔محکمہ تعلیم کا یہ اقدام صوبے کے دور دراز اور پسماندہ علاقوں کے طلباء کو یکساں اور جدید تعلیمی سہولیات فراہم کرنے اور سرکاری سکولوں کو جدید تعلیمی تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔