خیبرپختونخوا کے سرکاری پرائمری سکولوں میں مطالعے کے لیے روزانہ ایک گھنٹہ مختص کرنے کا فیصلہ
۔
پشاور(نمائندہ چترال ٹائمز ) محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم خیبرپختونخوا نے صوبے بھر کے تمام سرکاری پرائمری سکولوں اور سرکاری مڈل، ہائی و ہائیر سیکنڈری سکولوں کے پرائمری سیکشنز میں طلبہ کی مطالعے کی صلاحیت بہتر بنانے کے لیے سکول ٹائم ٹیبل میں روزانہ ایک گھنٹہ مطالعے (ریڈنگ) کے لیے مختص کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس اقدام کا مقصد بچوں میں پڑھنے کی صلاحیت کو فروغ دینا اور ان کی ابتدائی تعلیمی بنیادوں کو مزید مضبوط بنانا ہے۔ اس سلسلے میں سیکریٹری محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم خیبرپختونخوا کی جانب سے باقاعدہ اعلامیہ بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق صوبے کے تمام سرکاری سکولوں میں پرائمری سطح کے طلبہ کے لیے ہفتے میں کم از کم ایک ریاضی کا پیریڈ بھی ریاضی کی بنیادی کمزوریوں کو دور کرنے کے لیے اصلاحی تدریس (Mathematics Remediation) کے لیے مختص کیا جائے گا۔ اس کا مقصد طلبہ کو ریاضی کے بنیادی تصورات اور مہارتوں سے بہتر طور پر آراستہ کرنا ہے، تاکہ وہ مستقبل میں ریاضی کی تعلیم کو مؤثر انداز میں سمجھ سکیں۔
مزید برآں، ڈائریکٹر کریکولم اینڈ ٹیچرز ایجوکیشن خیبرپختونخوا کو ہدایت کی گئی ہے کہ پرائمری سطح کے نصاب اور تدریسی منصوبے (سکیم آف اسٹڈی) میں مطالعے کے لیے روزانہ کم از کم ایک گھنٹہ شامل کرنے کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں۔
محکمہ تعلیم کے اس اقدام کو طلبہ کی بنیادی تعلیمی صلاحیتوں، بالخصوص مطالعے اور ریاضی میں مہارت بہتر بنانے کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔