محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم خیبر پختونخوا کا منفرد اقدام; جولائی کےمہینےکو طلبہ کیلئے “سمر لرننگ اینڈ گرومنگ فیسٹیول” قرار دینے کا فیصلہ؎
۔
پشاور ( نمائندہ چترال ٹائمز ) خیبر پختونخوا کے وزیر ابتدائی و ثانوی تعلیم ارشدایوب خان نے کہا ہے کہ صوبے کے سرکاری و نجی تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم بچوں کی ذہنی، جسمانی اور اخلاقی نشوونما کیلئے ماہ جولائی میں ایک منفرد اور انقلابی پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت یکم جولائی تا 31 جولائی صوبہ بھر میں “سمر لرننگ اینڈ گرومنگ فیسٹیول” کے انعقاد کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں سمر کیمپ کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کر تے ہوئے کیا اس موقع پر سیکرٹری ابتدائی و ثانوی تعلیم محمد خالد ،سپشل سیکرٹری ابتدائی و ثانوی تعلیم افتخار علی خان اور دیگر افسران بھی موجود تھے اجلاس میں یکم جو لائی سے شروع ہونے والے سمر کیمپ کے انعقاد کے حوالے سے تفصیل سے غور و خوض کیا گیا
یہ اقدام خیبر پختونخوا کے وزیر ابتدائی و ثانوی تعلیم ارشد ایوب خان کی خصوصی ہدایات اور نوجوان نسل کو جدید، باصلاحیت اور بااعتماد بنانے کے عزم کا مظہر ہے۔ وزیر تعلیم نے سمر کیمپ فیسٹیول کو طلبہ کی شخصیت سازی، قومی یکجہتی اور مثبت سرگرمیوں کے فروغ کیلئے ایک اہم سنگ میل قرار دیا ہے۔ انہوں نے اس سلسلے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ اس پروگرام کیلئے جامع حکمت عملی، سیکیورٹی پلان، والدین کی رضامندی، ٹرانسپورٹ، رہائش اور تربیتی سرگرمیوں کا مربوط نظام مرتب کیا جائے تاکہ طلبہ کو ایک محفوظ، بامقصد اور یادگار تجربہ فراہم کیا جا سکے۔ صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ سمر زون کے سکولوں کے طلبہ کو ونٹر زونز کے تعلیمی اداروں اور شمالی اضلاع میں تعلیمی و تفریحی سرگرمیوں کیلئے لے جایا جائے گا، جہاں میزبان سکول ان کا استقبال کریں گے۔ چھٹی سے بارہویں جماعت تک کے طلبہ اپنے اساتذہ کی نگرانی اور والدین کی اجازت سے مختلف بیچز کی صورت میں شرکت کریں گے اور اس میں ہر سکول کو مخصوص کوٹہ دیا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ طلبہ اس پروگرام سے مستفید ہو سکیں۔
حکومت کی جانب سے طلبہ کیلئے ٹرانسپورٹ، رہائش، خوراک اور دیگر بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔سمر کیمپ کے دوران طلبہ کیلئے ہم نصابی و غیر نصابی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ انفارمیشن ٹیکنالوجی بوٹ کیمپس، قائدانہ تربیت، تقریری مقابلے، کھیلوں کے ایونٹس، ماحولیاتی آگاہی، شجرکاری مہم، مطالعاتی دورے اور شمالی علاقوں کی سیاحت جیسے پروگرامز منعقد کئے جائیں گے۔محکمہ تعلیم کے مطابق اس اقدام کا مقصد بچوں میں اعتماد، نظم و ضبط، ٹیم ورک، حب الوطنی، بین الثقافتی ہم آہنگی اور جدید مہارتوں کو فروغ دینا ہے تاکہ وہ مستقبل کے ذمہ دار شہری بن سکیں۔انہوں نے کہا ہے کہ حکومت بچوں کو نصابی تعلیم کے ساتھ عملی تربیت، خود اعتمادی ،تخلیقی مواقع اور صحت مند ماحول فراہم کرنے کیلئے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے، صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ جولائی کا مہینہ صوبہ بھر کے بچوں کیلئے خوشیاں لانے، سیکھنے سیکھانے اور صلاحیتوں کو نکھارنے کا مہینہ بنایا جائے گا۔صوبےمیں سمر کیمپ تعلیمی اصلاحات کے تسلسل کا حصہ ہے اور یہ اقدام نوجوان نسل کیلئے ایک روشن، مستقبل کی بنیاد ثابت ہوگا۔
