موسمیاتی چیلنجز کے مقابل، خیبر پختونخوا کا عزمِ نو اور کلائمیٹ ریزیلینس کمیٹی کا قیام
پشاور ( نمائندہ چترال ٹائمز ) خیبر پختونخوا حکومت نے موسمیاتی تبدیلیوں کے بڑھتے ہوئے خطرات کے پیشِ نظر ایک جامع اور دور اندیش حکمتِ عملی اختیار کرتے ہوئے صوبے میں *کلائمیٹ ریزیلینس* (موسمیاتی لچک) کے فروغ کے لیے عملی اقدامات کو مزید تیز کر دیا ہے۔ اسی سلسلے میں ایک اعلیٰ سطحی کلائمیٹ ریزیلینس کمیٹی کا قیام عمل میں لایا گیا ہے، جو نہ صرف پالیسی سازی بلکہ مختلف محکموں کے درمیان مؤثر ہم آہنگی اور جاری منصوبہ جات کی نگرانی کے ذریعے ان اقدامات کو نتیجہ خیز بنانے میں کلیدی کردار ادا کرے گی۔
یہ کمیٹی ایڈیشنل چیف سیکرٹری (پلاننگ اینڈ ڈیویلپمنٹ) کی سربراہی میں تشکیل دی گئی ہے، جبکہ اس میں سیکرٹری ماحولیات، جنگلات و جنگلی حیات، سیکرٹری پلاننگ اینڈ ڈیویلپمنٹ، سیکرٹری فنانس، سیکرٹری ایریگیشن، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ، اور سیکرٹری ریلیف، بحالی و آبادکاری بطور ارکان شامل ہیں۔
مزید برآں، ڈائریکٹر جنرل محکمہ جنگلات، محکمہ موسمیات کے نمائندگان، ماہرینِ ماحولیات و کلائمیٹ چینج، اور ترقیاتی شراکت دار اداروں کے نمائندگان بھی اس کمیٹی کا حصہ ہیں، تاکہ ایک ہمہ جہت اور مؤثر حکمتِ عملی کو یقینی بنایا جا سکے۔صوبہ خیبر پختونخوا، جو اپنی جغرافیائی ساخت اور قدرتی وسائل کے باعث موسمیاتی اثرات سے براہِ راست متاثر ہوتا ہے، اب ایک نئے عزم کے ساتھ پائیدار ترقی اور ماحولیاتی تحفظ کی راہ پر گامزن ہے۔
اس کمیٹی کا قیام اسی عزم کی عملی تصویر ہے، جس کے ذریعے موسمیاتی خطرات کے تدارک، وسائل کی منصفانہ اور مؤثر تقسیم، اور ترقیاتی منصوبوں میں ماحولیاتی پہلوؤں کو مرکزی حیثیت دینے کے اقدامات کو مزید تقویت دی جائے گی۔حکومت کی پالیسی کا محور “قدرت کے ساتھ ہم آہنگ ترقی” ہے، جس کے تحت شجرکاری مہمات، واٹر شیڈ مینجمنٹ، جنگلات کے تحفظ، اور ماحولیاتی نظام کی بحالی جیسے اقدامات کو ترجیح دی جا رہی ہے۔ جدید سائنسی تحقیق کو مقامی دانش کے ساتھ ہم آہنگ کرتے ہوئے ایسے ماڈلز تشکیل دیے جا رہے ہیں جو نہ صرف ماحول دوست ہوں بلکہ طویل المدتی بنیادوں پر معاشی استحکام کو بھی یقینی بنائیں۔اس کے ساتھ ساتھ کمیونٹی کی سطح پر آگاہی مہمات اور تربیتی پروگرامز کے ذریعے عوام کو موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات اور ان سے نمٹنے کے عملی طریقوں سے روشناس کروایا جا رہا ہے، تاکہ معاشرے کا ہر فرد اس اجتماعی ذمہ داری میں اپنا کردار ادا کر سکے۔ حکام کے مطابق، یہی عوامی شمولیت اس وژن کی تکمیل کی اصل روح ہے۔
حکومتِ خیبر پختونخوا اس عزم کا اعادہ کرتی ہے کہ صوبے کو ایک محفوظ، سرسبز اور پائیدار مستقبل کی جانب لے جانے کے لیے ہر ممکن قدم اٹھایا جائے گا۔ “سبز خیبر پختونخوا” کا خواب اب محض ایک تصور نہیں بلکہ ایک حقیقت میں ڈھلتا ہوا سفر ہے، جہاں ترقی اور فطرت ایک دوسرے کے ہم قدم ہیں اور آنے والی نسلوں کے لیے امید کا چراغ روشن کر رہے ہیں۔
